دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ وزیراعظم کے حکم پر اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن کیا، کیا مولانا کے رضا کار مسلح تھے ؟حکومتی ذرائع نے تصدیق نہ کی
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق پارلیمنٹ لاجز کے آپریشن کی تفصیلات سامنے آگئیں ۔ اسلام آبادپولیس کے ذرائع کے مطابق لاجز کے اندر کریک ڈاؤن کو براہ راست آئی جی اسلام آباد نے مانیٹر کیا جبکہ موقع پر ڈی آئی جی صورتحال دیکھتے رہے اور آئی جی کو رپورٹ کرتے رہے ۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے براہ راست آپریشن کا حکم دیا ۔ عمران خان نے واضح کیا کہ مسلح جتھوں کو کسی صورت پارلیمنٹ لاجز جیسے اہم مقام پر داخلے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔
اس حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی عمران خان سے ہدایات لیں اور سالار فورس کے تمام اہلکاروں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ آپریشن مکمل ہونے کے بعد شیخ رشید نے واضح کیا کہ جو تشدد کرے گا اسے کچل دیا جائے گا۔ تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی ۔ یہ لوگ ناکامی کی وجہ سے ڈرامہ کر رہے ہیں اور ملک میں خود فساد کاماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ کسی رکن اسمبلی کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔ یہ لوگ خود کمپنی کی مشہوری کےلئے تھانے بیٹھے رہے ۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق سالار فورس کے مسلح ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی جبکہ شیخ رشید اور فواد چودھری کا دعویٰ ہے کہ مولانا کے اہلکار مسلح جتھوں کی صورت میں پارلیمنٹ لاجز آئے ۔