سپر لیڈ نیوز، واشنگٹن ڈی سی ۔ مریکا کی طرف سے بلائی گئی ماحولیاتی کانفرنس میں رہنماؤں کے بڑے دعوے ، صدر بائیڈن نے 2030 تک کاربن کا اخراج 50 سے 52 فیصد تک کم کرنے کا اعلان کردیا۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق امریکی صدر کی طرف سے بلائی گئی ماحولیاتی کانفرنس میں صدر بائیڈن نے کہا کاربن کا اخراج بڑا چیلنج ہے ۔ دنیا گلوبل وارمنگ سے متاثر ہو رہی ہے ۔ کورونا کے دوران ماحولیات کی بہتری دیکھی گئی مگر بہت سے کام ابھی باقی ہیں ۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بائیڈن کے اعلان کو گیم چینجر قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا اگر امریکا نے ایسا کر لیاتو یہ دنیا کے لئے ایک تحفے سے کم نہیں ہوگا۔ جاپان کے وزیراعظم نے 2030 تک کاربن کا اخراج 46 فیصد تک کم کرنے کا اعلان کیا ۔ چین کے صدر نے 2060 تک کاربن کا اخراج صفر کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔واضح رہے کہ اس کانفرنس میں پہلے پاکستان کو مدعو نہیں کیا گیا تھا جس پر وزیراعظم پاکستان نے شکوہ کیا جبکہ سفارتی سطح پر بھی آواز اٹھائی گئی تاہم عمران خان نے خود شامل ہونے کے بجائے اپنے نمائندے امین اسلم کو ورچوئل خطاب کا کہا ۔ انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں حکومت پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔