SUPER LEADS

پاکستان میں اب تک کتنے وزیر اعظم تحریک عدم اعتماد کا سامنا کر چکے؟

وقت اشاعت :10اپریل 2022

ندیم چشتی ، دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ پاکستان میں اب تک کتنے وزیر اعظم تحریک عدم اعتماد کا سامنا کر چکے؟اعداد و شمار کے مطابق عمران خان سے پہلے بینظیر بھٹو اور شوکت عزیز عدم اعتماد کا سامنا کرچکے ہیں ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق عمران خان وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جنہیں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ایوان سے نکالا گیا ہے ۔ اس سے پہلےدو وزرائے اعظم عدم اعتماد کا سامنا کر چکے ہیں مگر ان دونوں   کی ایوان  میں ووٹنگ کے دوران جیت ہوئی ۔

 پہلی مرتبہ تحریک عدم اعتماد 1989 میں بینظیر بھٹو کے خلاف پیش کی گئی ۔سپیکر نے قواعد کے مطابق ووٹنگ کا حکم دیا جس کے بعد رولز کے مطابق شفاف طریقے سے رائے شماری ہوئی ۔ ایوان نے بارہ ووٹوں سے بینظیر بھٹو کو کامیاب کرا دیا۔

قومی اسمبلی میں ارکان کی تعداد 237تھی ۔ بینظیر بھٹو کو ہٹانے کے لئے 119ووٹ ضروری تھے مگر تحریک عدم اعتماد کے حق میں 107ووٹ ہی ڈل سکے ۔ اس موقع پر پانچ ارکان غیر حاضر رہے ۔

تاریخ میں دوسری مرتبہ تحریک عدم اعتماد اگست 2006 میں پرویز مشرف کےد ور میں لائی گئی ۔ اپوزیشن نے متفقہ طور پروزیر اعظم شوکت عزیز  کو ہٹانے کے لئے آئینی راستہ اپنایا تاہم یہ تحریک بھی ناکام رہی ۔ شوکت عزیز  کو ہٹانے کے لئے 172ووٹ درکار تھے تاہم تحریک کے حق میں محض 136ووٹ  ہی پڑے ۔ اس طرح شوکت عزیز  عہدہ بچانے میں کامیاب رہے ۔

سیاسی حقائق کو دیکھا جائے تو ماضی میں دونوں تحریک عدم اعتماد کی کارروائیاں رولز کے مطابق ہوئیں اور کوئی بدمزگی دیکھنے میں نہیں آئی تاہم عمران خان کے خلاف تحریک عدم  اعتماد کو لٹکانے کے لئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے ایڑی سے چوٹی کا زور لگایا اور خلاف قوانین رولنگ اور مختلف حربوں کا بھی سہارا لیا مگر کامیابی نہ مل سکی ۔

Related Articles

Back to top button