دی سپرلیڈ ڈاٹ کام، کراچی ۔ ریکارڈ توڑتی پاکستان سٹاک مارکیٹ ، مگر اس تیزی کی وجہ کیا ہے؟ ماہرین نے سعودی سرمایہ کاری کو بڑی وجہ قرار دے دیا۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان جاری ہے ۔ ہر نیا دن سرمایہ کاروں کے لئے اچھی خبریں لا رہا ہے ۔ منگل کے روز سٹاک مارکیٹ نے ملکی تاریخ کے سب ریکارڈ توڑ دیئے اور انڈیکس ستر ہزار سے اوپر جاپہنچا۔ عید سے قبل اختتامی سیشن میں پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی سے سرمایہ کاروں کے چہروں پر رونق رہی ۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اس تیزی کی وجہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران آئل اینڈ گیس ریکوڈک ریفائنری سمیت دیگر شعبوں میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں پیش رفت ہے ۔ اسی اہم پیش رفت کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے ۔
سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے ۔ رپورٹس کے مطابق کاروباری سیشن کے دوران ایک وقت میں غیر ملکی سرمایہ کار بھی بڑی تعداد میں حصص کی خرید میں متحرک دکھائی دیئے ۔ رفحان میظ، ماڑی پٹرولیم ، سفائر ٹیکسٹائل ، باٹا پاکستان سمیت دیگر کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھا۔