دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، لاہور۔ لاہور میں مدرسے کا قاری جلاد بن گیا، 14سالہ طالبعلم کو تشدد کر کے مار ڈالا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق دلخراش واقعہ لاہور کے علاقے بادامی باغ میں پیش آیا۔ چودہ سالہ طالبعلم حمزہ واجد جامعہ المدینہ ملک پارک میں درس نظامی سال اول کا طالبعلم تھا۔بچے کے والد کے مطابق گزشتہ روز وہ دوپہر کو اپنے بیٹے کو مدرسے میں کھانا دینے گیا تومولوی محمد ماجد کو تشدد کرتا دیکھا ۔ بچے کے باپ محمد ارشد کے مطابق مولوی ماجد کے ساتھ دو مزید استاد بھی تھے جو اس کے بیٹے کو پیٹ رہے تھے۔
محمد ارشد نے بتایا کہ اس نے فورا اپنے بیٹے کو قاری اور دیگر استادوں سے چھڑوایا اور شدید زخمی حالت میں فیملی ہسپتال مزنگ لے گیا۔ بے ہوشی کی حالت میں مناسب علاج نہ ہونے کے باعث اسے وہاں سے میو ہسپتال لے گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جا ں بحق ہو گیا۔
نمائندہ دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق پولیس نے ایک استاد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد باقی ملزموں کو بھی پکڑ لیا جائے گا۔