دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ اچانک ہی 13ہزار پٹرول پمپ کیوں بند کئے جارہے ہیں؟ شہریوں میں بے چینی پھیل گئی ۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ملک بھر کے 13ہزار پٹرول پمپ بند کے اعلان کے بعد شہریوں میں بے چینی پھیل گئی ہے ۔ دیکھتے ہی دیکھتے لاہور، کراچی ، راولپنڈی ، پشاور، کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں پٹرول پمپ بند کر دئے گئے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی پٹرول پمپس پر شہری عملے سے بحث و تکرار کرتے رہے ۔ ایسے میں سوال یہ جنم لینے لگا کہ اچانک ایسا کیا ہو گیا کہ پٹرول پمپ بند کرنے کا فیصلہ سامنے آگیا۔
پٹرول پمپ آخر کیوں بند کئے گئے ؟
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی کال پر ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس کے خلاف ملک بھر میں ہڑتال کی کال دی گئی ہے ۔ اس کا پس منظر یہی ٹیکس ہے جو تنازع کا باعث بنا ہے ۔ ۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے دی سپرلیڈ ڈاٹ کام سے گفتگو میں بتایا کہ ہڑتال صفر اشاریہ 5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس کے نفاذ پر کی جارہی ہے ۔ حکومت آگے ہی بہت ٹیکس لگا چکی ہے ۔ ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس لگایا جارہا ہے جو کہ سراسر غلط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے دو روز میں مذاکرات کے متعدد راؤنڈز ہوئے ہیں۔ ایسوسی ایشن نے حکومتی نمائندوں کو قائل کرنے کی کوشش کی ہے یہ ٹیکس مہنگائی میں پسے عوام کے لئے مشکل ہے ۔ پٹرول کی قیمت مزید بڑھ جائے گی جبکہ حکومت غیر ضروری ٹیکس بڑھا کر ڈیلر مارجن سے بھی چھیڑ چھاڑ کرے گی ۔ آگے ہی لیوی کے نفاذ پر نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کے راستے کھلے ہیں ۔ دوسری جانب ایسوسی ایشن کے ایک دھڑے نے ہڑتال کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ ہر کام مذاکرات سے ممکن ہے ۔ ہڑتال مسئلے کا حل نہیں ۔ ادھر وزارت پٹرولیم کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ٹیکس واپس لینے کا پلان زیر غور ہے ۔