سپر لیڈ نیوز، لاہور، آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ایک اور ن لیگی کو ریلیف مل گیا، خواجہ آصف کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ لاہور ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ،آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں دلائل سننے کے بعد ضمانت منظور کی تھی ۔
جیل حکام خواجہ آصف کی رہائی کے احکامات لے کر اسپتال پہنچے اور رہائی کی روبکار ذمہ داروں کےحوالے کی ۔ خواجہ آصف جناح اسپتال لاہور میں زیر علاج ہیں ان کے مثانے کا آپریشن بدھ کی شام کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کا کیس نیب نے احتساب عدالت میں دائر کیا تھا جس میں خواجہ آصف پر منی لانڈرنگ کے بھی الزامات لگائے تھے مگر قومی احتساب بیورو سنگین الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا تھا۔
ن لیگی رہنماؤں کےمطابق خواجہ آصف کوعمران خان کے خلاف سخت زبان کے بعد مقدمےمیں پھنسایا گیا تھا۔
مریم نواز نے ضمانت پر رہائی پر تبصرہ کرتےہوئے ٹویٹ کیا کہ خواجہ آصف نے سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا ۔ مگر اپنے قائد نوازشریف کا ساتھ نہ چھوڑا۔
سلیکٹڈحاکم وقت نوازشریف اور ساتھیوں کو توڑنے میں کل بھی ناکام تھا، آج بھی رسوائی نے اسے گلے لگایا ہے۔