دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، کراچی ۔ منافقت کی سیاست نہ کریں ، سیدھی طرح کہیں آپ حکومت کے سہولت کار ہیں ، بلاول کی ن لیگ پر چڑھائی ، مولانا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق بلاول نے اپنی توپوں کا رخ پی ڈی ایم بالخصوص ن لیگ کی جانب موڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ منافقانہ سیاست کر رہی ہے ۔ سیدھی طرح بتائیں کہ کیا آپ حکومت کے سہولت کار ہیں یا حقیقی اپوزیشن میں ہیں ۔ دوغلی سیاست نہیں چلے گی ۔ عوام کو کھل کر سب بتانا ہوگا ۔ صرف پیپلز پارٹی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ بزدار کو ہٹانے میں سنجیدہ نہیں ۔ ن لیگ چاہے تو پنجاب حکومت ختم کر سکتی ہے ۔ عثمان بزدار بھی سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی ہیں ۔ اگر ان کو ہٹادیا جائے تو عمران خان خود ہی گر جائے گامگر ن لیگ کا کردار واضح نہیں ۔ یہ سہولت کاری ملک کے نقصان دہ ہے ۔ ہمیں بھی اس سے نقصان ہو رہا ہے ۔ لوگ ہم سے بھی سوال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آگے بڑھیں ، اس حکومت کو گرانے میں سنجیدگی دکھائیں تا کہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے ۔ مولانا فضل الرحمان بھی فیصلہ کریں کہ وہ کب تک ایک جماعت کی حمایت میں بولتے رہیں گے ۔ اس حکومت کو گرانے میں پیپلز پارٹی کی پالیسی ہی ٹھیک تھی ۔ مولانا کو اس بات کا اندازہ ہو جانا چاہیے ۔