دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد ۔ یورپی یونین نے پاکستان سے روس یوکرین جنگ میں ثالثی کی اپیل کی ، فواد چودھری کا دعویٰ کتنا سچ ہے ؟وزیراعظم کے ٹویٹ سے صورتحال واضح ہو گئی ۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ یورپی یونین نے پاکستان سے روس یوکرین جنگ رکوانے کی اپیل کی ہے ۔ پیر کے روز میڈیا سے گفتگومیں فواد چودھری نے کہا کہ یورپی یونین کے صدر نے عمران خان کو فون کیا ہے اور ثالث بننے کی اپیل کی ۔ فواد چودھری کے دعوے کے کچھ دیر بعد وزیر اعظم آفس نے بھی بیان جاری کیا تاہم وزیراعظم کے ٹویٹ میں ایسی کسی اپیل کا کوئی ذکر نہیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل سے بات ہوئی ہے ۔ انہیں کہا ہے کہ مزید کشیدگی خطے اور دنیا میں انتہائی منفی اثرات مرتب کرے گی ۔ عمران خان نے کہا کہ وہ ترقی پذیر ممالک پر تنازعات کے منفی معاشی اثرات کو مسلسل اجاگر کررہے ہیں ۔
پاکستان نے اصولی موقف کو برقرار رکھا ہے کہ وہ صرف امن کا شراکت دار ہوگا۔ پاکستان کے روس اور یوکرین کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماراباہم اتفاق تھاکہ پاکستان جیسےممالک معاونت کافریضہ سر انجام دےسکتےہیں۔