دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ،اسلام آباد۔ کراچی میں وین جلائی ، اسلام آباد میں میٹرو سٹیشن اور درختوں کو آگ لگائی گئی ، درجنوں اہلکار زخمی ہیں ، پہلے ہی کہا تھا یہ فسادی ہیں، رانا ثنا اللہ نے عمران خان پر کڑی تنقید کی ۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کراچی میں نمائش چورنگی پر اس ٹولے نے فساد برپا کیا ہے ۔ پولیس وین کو جلایا گیا ہے ۔ درجنوں اہلکار پتھراؤ سے زخمی ہیں ۔ رینجرز اہلکار بھی نشانہ بنے ہیں ۔ اس فسادی ٹولے نے اسلام آباد کا امن تباہ کر دیا ہے ۔ پہلے ہی کہا تھا یہ فساد چاہتےہیں ۔ اسی لئے انہیں روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عمران خان ایک فتنے کا نام ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اس شخص نے عوام سے کھلواڑ کیا ہے ۔ پنجاب کے عوام نے اسے بری طرح مسترد کر دیا ہے جس پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ اسلام آباد میٹرو سٹیشن پر آگ کے مناظر پوری قوم نے دیکھ لئے ہیں ۔ یہ ہے اس شخص کی حقیقت جو آئینی طریقے سے پسپا ہونے کے بعد ملک میں فسادات کی کوشش کر رہا ہے۔ سپریم کورٹ کے کہنے پر ہم نے راستے کلیئر کئے تو یہ لوگ طے شدہ مقام کے بجائے ڈی چوک آگئے ۔ یہ سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون اپنا راستہ بنائے گا۔ایک ایک فسادی سے نمٹ لیں گے ۔