علی نقوی ، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، لاہور۔ نوازشریف کا ہیلی کاپٹر عالمی ورثہ قرار دیئے جانے والے شاہی قلعے کے اندر کیوں لینڈ ہوا ؟ نئی بحث چھڑ گئی ، حکام نے کوئی وضاحت نہیں دی ۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق والڈ سٹی اتھارٹی حکام نے عالمی ورثہ قرار دیئے جانے والے شاہی قلعے میں خلاف ضابطہ ہیلی کاپٹر اترنے کی اجازت دے دی جس کے بعد ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے ۔ بعض ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر قلعہ کی تاریخی دیواروں کے قریب اترا ہے جس سے قدیم دیواروں کو نقصان پہنچ سکتا تھا۔ دیوان عام کے باہر لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر کے تیز پنکھوں کی ہوا سے دیواریں لرز اٹھیں ۔
لاہور کے شاہی قلعے میں عالمی اہمیت کی 21 یادگاریں موجود ہیں ۔ یونیسکو نے 1981 میں شاہی قلعے کو ورلڈ ہیری ٹیج لسٹ میں شامل کیا تھا جس کے بعد اس عالمی ورثے کی حفاظت والڈ سٹی اتھارٹی کی ذمہ داری ہے ۔ واضح رہے کہ شاہی قلعہ سمیت دیگر تاریخی عمارتوں کی دیکھ بھال کے لئے امریکی حکومت ایک لاکھ ڈالر ز بھی فراہم کر چکی ہے ۔ دوسری جانب حکام کا کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔