دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ،واشنگٹن ڈی سی : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھرپاکستان اور بھارت کی جنگ سے متعلق اہم بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حریفوں کے درمیان ایٹمی جنگ رکوا دی ہے ۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایٹمی تصادم سے بچنے کے لیے میں نے دونوں ممالک پر فوری جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالا تھا جو کامیاب رہا ۔ امریکی صدر نے کہا کہ وہ دونوں ممالک میں تجارت کے لئے بھی مدد دینے کو تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی قیادت اگر کشیدگی ختم کردیں تو امریکا کے ساتھ مزید تجارت ہوگی بصورت دیگر کوئی تجارت نہیں ہوگی۔ میں تجارت کو اس انداز میں استعمال کیا، جو پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ میری یہ حکمت عملی کامیاب رہی اور دونوں ممالک جنگ بندی پر آمادہ ہوگئے۔ واضح رہے کہ پاک فوج کے آپریشن بُنیان مرصوص کے دوران بھارت پر کیے گئے تابڑ توڑ حملوں نے ہندوستان کو جنگ بندی پر مجبور کردیا تھا۔ امریکا نے ثالثی کا کردار ادا کیا اور دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ امریکی وزیر خارجہ اور نائب صدر براہ راست رابطے میں رہے تھے۔