ندیم چشتی ، اسلام آباد
ایک مرتبہ پھر حکومت گرانے کی مہم میں اپوزیشن نے متحد ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس سلسلے میں بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں مصروف دن گزارا ۔ پہلے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس میں عید کےبعد اپوزیشن کی تشکیل کردہ رہبر کمیٹی کے حوالے سے مشاورت ہوئی ۔
مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر اتفاق کیا ۔ اس اہم ملاقات کے بعد بلاول بھٹو ماڈل ٹاؤن لاہور پہنچے اور شہبازشریف سے ملاقات کی ۔
دونوں رہنماؤں نے ون پوائنٹ ایجنڈے پر اتفاق کرتے ہوئے حکومت کو گھر بھیجنے کی بات کی ۔
ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر اہم موڑ اس وقت آیا جب ایک رپورٹر نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ کیا اپوزیشن کوئی تحریک چلانے جارہی ہے ؟
جواب میں بلاول نے کہا شہباز شریف کورونا سے تندرست ہو گئے ہیں ۔ اب شہباز شریف ہی اس انقلاب کی قیادت کریں گے ۔
شہباز شریف نے جواب دیا میں نے ذمہ داری نوجوانوں کو دے دی ہے ۔ اس موقع پر بعض صحافیوں نےقہقہے بلند کئے ۔
معاملہ ایک دوسرے پر ڈالنے کے بعد سوالات نے جنم لیا ہے ۔ اپوزیشن اگر تحریک چلائے گی تو کون لیڈ کرے گا؟