کیاپاکستان بھارتی دہشتگردی کےثبوت دے کردنیاکوقائل کرسکےگا؟ ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیر خارجہ کی پریس کانفرنس میں بڑے ثبوت ہاتھ لگنے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت دہشت گردوں کوتربیت اوراسلحہ فراہم کررہا ہے ۔بھارت کالعدم تنظیموں کا کنسورشیم بنارہا ہے۔ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے۔ افغانستان میں بھارتی سفارتخانے اورقونصل خانے پاکستان مخالف سرگرمیوں کا گڑھ ہیں ۔ بھارتی سفارتخانے میں تعینات بھارتی کرنل راجیش دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہے۔4 بار دہشت گردوں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں ۔
بھارتی خفیہ ایجنسی داعش پاکستان بنانے کی سازش کررہی ہے۔حال ہی میں 30 داعش دہشتگردوں کو پاکستان اورارد گرد منتقل کیا گیا۔ کالعدم تنظیموں میں اربوں روپے تقسیم کیے جارہے ہیں۔ بانی متحدہ گروپ کو بھی بھارتی خفیہ ایجنسی’را ‘نے دو کمپنیوں کے ذریعے فنڈنگ کی۔ اجمل پہاڑی نے بھارت میں ٹریننگ لینے کا اعتراف کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ را کی طرف سے ٹی ٹی پی کی معاونت کے ثبوت بھی موجود ہیں ۔قبائلی علاقوں میں بدامنی کیلئے آئی ای ڈیزاوراسلحہ تقسیم کیا گیا۔ دہشت گردوں کی تربیت کیلئے افغانستان میں 66 اوربھارت میں ایک کیمپ قائم ہے۔بھارت نے قندھارمیں دہشت گردوں کے کیمپ کیلئے 30 ملین ڈالرزلگائے۔ پی سی گوادرپرحملے کیلئے بھارت نے 0.5 ملین ڈالر فنڈنگ کی۔ دہشت گرد اسلم اچھو بھارتی اسپتال میں زیرعلاج رہا۔
افغانستان میں بھارتی سفارتخانے پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہےہیں
بھارتی خفیہ ایجنسی اپنے فرنٹ مین کودیگرممالک میں فنڈنگ کررہی ہے۔بلوچستان میں سی پیک کو نقصان پہنچانے کے لئے بھارت نےخصوصی ملیشیابنائی۔بلوچ علیحدگی پسند ڈاکٹر اللہ نذر کے را کے ساتھ رابطوں کی آڈیو موجود ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ڈاکٹر اللہ نذر کی آڈیو ٹیپ بھی سنائی۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی نئی لہر کا خدشہ ہے ۔ نومبر اور دسمبر میں کارروائیاں ہو سکتی ہیں ۔ بڑے شہر ہدف ہو سکتے ہیں ۔ہمارے پاس بھارتی ریاستی دہشتگردی کے ناقابلِ تردید شواہد ہیں ۔
ڈوزیئر کی شکل میں قوم اور عالمی برادری کے سامنے رکھیں گے۔پشاور اور کوئٹہ میں دہشتگردی واقعات کی بھارت سے پشت پناہی ہے۔ٹی ٹی پی، جماعت الاحرار جیسی کالعدم تنظیموں کو اسلحہ دیا جا رہا ہے۔علمااور نمایاں شخصیات پر حملے ہو سکتے ہیں ۔ پاکستان مخالف بلوچ تنظیموں کو بھی دباؤ ڈال کر اکٹھا کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شورش کوہوا دے رہا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کی دعویدار بھارتی ریاست بدمعاش اسٹیٹ بن چکی ۔
پاکستان کشمیر کے مسئلے پر دنیا کو قائل کرنے میں ناکام رہا
اس حوالے سے سپر لیڈ نیوز نے تجزیہ کار خالد چودھری سے گفتگو کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی دہشت گردی کے بڑے ثبوت ملنے کا دعویٰ تو کر دیا ہے مگر سوال یہ ہے کہ دنیا کو کیسے قائل کیا جائے گا؟ اس سے پہلے بھی پاک فوج ناقابل تردید ثبوت ملنے کے دعوے کر چکی ہے مگر بدقسمتی سے سفارتی سطح پر موثرآواز نہ اٹھائی جا سکی جس کی وجہ سے پاکستان کو مقصد میں کامیابی نہ ملی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کی باتیں ہو رہی ہیں مگر سوال پھر یہی ہے کہ مسائل کے بھنور میں پھنسی پی ٹی آئی کی حکومت کس طرح سفارتی مہم چلاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکومت کشمیر کے معاملے پر دنیا کو قائل کرنے میں ناکام رہی ۔ اس لئے بھارتی دہشتگردی کے نئے ثبوت سے سفارتی کامیابی کا امکان معدوم ہے ۔ واضح رہے کہ اس اہم پریس کانفرنس کے بعد حکومتی وزرا نے اپوزیشن کو کھری کھری سناتے ہوئے ان کی سیاست کو بھارتی پالیسی قرار دیا ۔