قاسم چوہان ، بیوروچیف کراچی، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ۔ حفیظ شیخ کے کراچی میں پروٹوکول سے نگران وزیراعظم بننے کی چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اچانک کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئے ۔ ہوائی اڈے پر غیر معمولی پروٹوکول دیکھ کر سب حیران رہ گئے ۔ ان کی آمد سے قبل وی آئی پی لاؤنج میں ہلچل دیکھنے میں آئی ۔ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے پوزیشنز سنبھال لیں ۔ کچھ ہی دیر بعد حفیظ شیخ نمودار ہوئے جس کے بعد انہیں پروٹوکول کے ساتھ گاڑیوں میں لے جایا گیا۔ واضح رہے کہ حفیظ شیخ کے ایف بی آر ریفنڈ اور سبسڈی کیس پر نیب ریفرنس میں عدالت نے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں ۔
حفیظ شیخ امریکا سے براستہ دبئی کراچی پہنچے۔ ترجمان نیب کراچی کے مطابق نیب کو حفیظ شیخ کی آمد کی کوئی اطلاع نہیں تھی جس کے بعد یہ تاثر پایا گیا کہ حفیظ شیخ وفاق کے مہمان ہیں اور خصوصی پروٹوکول سے لگ رہا ہے کہ وہ نگران وزیراعظم کے لئے لائے گئے ہیں ۔ حفیظ شیخ کراچی ایئرپورٹ سے کہاں روانہ ہوئے معلوم نہ ہو سکا۔ حفیظ شیخ کی موجودہ حالات میں آمد کے بعد ملک میں چہ مگوئیاں جاری ہیں۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔
طے ہو گیا کہ معیشت دان نگران وزیراعظم آرہا ہے :شیخ رشید
شیخ رشید نے کہا ہے کہ طے شدہ ہے ملک میں ایک معیشت دان کو نگران وزیراعظم لگایا جارہا ہے ۔ موجودہ حکومت جارہی ہے ۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ اب صدر کہے گا اعتماد کا ووٹ لیں ورنہ اسمبلی توڑ دیں ۔ جب حالات مشکل ہوں تو کوئی اتحادی نہیں ہوتا۔ کھیل ختم ہو گیا ہے ۔ پہلے ہی کہہ دیا تھا 31 مئی تک اہم فیصلے آجائیں گے۔