دی سپرلیڈ ڈاٹ کام، اسلام آباد۔ عمران خان کا ڈی چوک جانے پر اصرار ، کارکنوں کی وقفے وقفے سے پولیس کے ساتھ جھڑپیں ، حکومت نے فوج طلب کرلی ۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق اسلام آباد کے حالات ایک مرتبہ پھر کشید ہ ہوگئے ہیں ۔ عمران خان کا قافلہ رات ایک بج کر پینتالیس منٹ پر اسلام آباد کی حدود میں داخل ہو گیا۔ پولیس نے پہلے سے موجود کارکنوں کو ڈی چوک سے بے دخل کردیا۔ بیشتر حراست میں لے لئے گئے جبکہ کارکنوں کی بڑی تعداد ٹولیوں کی صورت میں میلوڈی کی طرف روانہ ہو گئی ۔ اس دوران عمران خان کے قافلے کی اسلام آباد آنے کی اطلاع ملی تو کارکن ایک مرتبہ پھر ڈی چوک جمع ہونا شروع ہو گئے ۔ اس طرح وقفے وقفے سے جھڑپیں ہوتی رہیں ۔
دوسری جانب عمران خان کا قافلہ چھبیس نمبر چونگی سے آگے بڑھا تو حکومت نے خصوصی اختیارات کے تحت ریڈ زون کی سکیورٹی کے لئے فوج طلب کرلی ۔ دیکھتےہی دیکھتے فوج کے جوانوں نے چارج سنبھال لیا اور قافلوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔ عمران خان نے کنٹینر سے کارکنوں سے مختصر خطاب کیا اور کہا کہ یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے ۔ ہم سیاست نہیں جہاد کے لئے نکلے ہیں ۔ حکومت جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دے گی اسلام آباد سے نہیں جائیں گے