مسلم لیگ ن کے وفد نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کی ہے جس میں عید کے بعد اے پی سی بلانے پراتفاق ہوا ہے ۔ عید الاضحیٰ کے بعد تاریخ اور ایجنڈے کیلئے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کو فعال کرنے اور توسیع دینے کافیصلہ کیا گیا ہے ۔
احسن اقبال ،ایاز صادق اور سعد رفیق پر مشتمل لیگی وفد نے بلاول سے سیاسی امو رپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر ن لیگ نے جلد از جلد نئے الیکشن کے لئے دباؤ بڑھانے کی تجویز بھی دی ۔
کورونا نہ آتا تو حکومت گرچکی ہوتی،احسن
اہم ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگومیں احسن اقبال نے کہا کورونا کی وجہ سے حکومت کو مہلت ملی ہے ۔ اگر مہلک وائرس حملہ آو ر ہوتا تو اب تک پی ٹی آئی کی حکومت گر چکی ہوتی ۔ ناکام ٹولے کو مزید مہلت نہیں دی جاسکتی ۔ اگر ایسا ہوا تو عوام کے مسائل مزید بڑھ جائیں گے ۔
حکومت نے ملک کو تباہ کر دیا ہے ۔ احسن اقبال نے مزید کہا معاشی تباہی کی وجہ سے عوام اس حکومت سے چھٹکارا چاہتے ہیں ۔
عمران کو گھر بھیجنے کے لئے سب متحد ہیں ،کائرہ
پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا حکومت صرف اپوزیشن کو نشانہ بنا رہی ہے ۔ جو بھی زیادہ آواز اٹھاتا ہے اسے نیب کے مقدمے میں پھنسا دیاجاتا ہے ۔ عمران خان کو گھر بھیجنے کے لئے اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں ۔ جلد حکمت عملی طے کر کے سلیکٹڈ حکمرانوں کی چھٹی کرا دیں گے ۔