عمران خان نے پاکستان کے ایک ٹی وی چینل دنیا نیوز کو انٹرویو میں جہانگیر ترین کی تعریف کی ہے اور ان کا نام چینی سکینڈل رپورٹ میں آنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
انٹرویومیں عمران خان نے کہا کہ ان کی جدوجہد میں سب سے زیادہ محنت جہانگیر ترین نے کی۔
شوگر انکوائری رپورٹ میں جہانگیر ترین کا نام آنے کا افسوس ہے۔اپنے دیرینہ دوست کی مزید حمایت میں عمران خان نے کہا کہ جہانگیر ترین پر الزام ابھی ثابت نہیں ہوا ۔ ادارے تحقیقات کر رہے ہیں۔
اس سے پہلے کابینہ کے اجلاس میں عمران خان نے کہا کہ ان کی 24 سالہ جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی۔
ملک کے کمزور طبقے کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ جتنا بھی مشکل وقت آئے عوام کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے ۔
ہماری جدوجہد کا محور غریب پاکستانی ہیں ۔ جن کے لئے دو وقت کی روٹی مشکل ہو چکی ہے ۔
عمران خان نے مزید کہا کہ وہ کسی کو این آر او نہیں دیں گے ۔ احتساب کے عمل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے ۔
قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو اپنے اپنے حلقوں میں عوام سے رابطہ رکھنے کی ہدایت کی ۔
کابینہ کے اجلاس میں وزرا نے بھی اپنے کپتان کو خراج تحسین پیش کیا ۔ مراد سعید نے عمران خان کو عالم اسلام کا لیڈر قرار دے دیا۔
فیصل واوڈا نے وزیراعظم کو بھاشا ڈیم کی تعمیر شروع ہونے اور زبیدہ جلال نے سی پیک منصوبوں کی تکمیل پرمبارکباد دی ۔
اس موقع پر وزیر ریلوے نے ایم ایل ون منصوبے کو عمران خان کی کامیابی قرار دیا ۔
حفیظ شیخ نے کہا کہ ماضی کے پانچ ہزار ارب روپے کے قرضے واپس کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا سفر جاری رہے گا۔