دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، تاشقند۔پاکستان اور ازبکستان مغل بادشاہوں،صوفی بزرگوں اوراقبال کی زندگی پرفلمیں بنائیں گے، وزیراعظم نے تاشقند میں بزنس کمیونٹی سے خطاب میں کہا کہ دونوں ممالک کی ثقافتی اقدار مشترک ہیں۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق پاکستان اور ازبکستان کا زراعت، تعلیم ،صحت میں تعاون ،کرکٹ کے فروغ اور مشترکہ فلم سازی پر اتفاق ہوا ہے ۔
وزیراعظم عمران خان اور ازبک صدر کی اہم ملاقات ہوئی۔ تاشقند میں ہونے والی ملاقات میں افغان مسئلے پر بات چیت ہوئی اور رسمی طور پر تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ وزیراعظم عمران خان اور ازبک صدر کی ملاقات کےبعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔تاشقند میں دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان نے باہمی تجارت کا حجم بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے روابط سے نئےراستے کھلیں گے۔
انہوں نے کہا دونوں ممالک کیلئےضروری ہے کہ ہر شعبے میں تعاون بڑھایا جائے ۔ اس سے پہلے ازبکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نےکہا کہ افغانستان میں امن ہمسایہ ممالک اور خطے کے لیے ضروری ہے۔ نئی نسل کو اپنے قدیم ہیروز کے بارے میں معلوم ہونا چاہیے۔ دونوں ممالک مشترکہ طور پر مغل بادشاہ ظہیر الدین بابر، صوفی بزرگوں اورعلامہ اقبال کی زندگی پر بھی فلم بنائیں گے۔ دورہ ازبکستان کے دوران فواد چودھری ،وزیرداخلہ شیخ رشید ، علی زیدی، ڈاکٹر معید یوسف اور عاطف خان بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔قبل ازیں تاشقند ایئر پورٹ پہنچنے پر ازبک ہم منصب نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا، گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔