آرمی چیف سے سی آئی اے کےڈائریکٹر ولیم جوزف برنز کی ملاقات،عمران خان پھر نظر انداز

وقت اشاعت :10ستمبر 2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم جوزف برنز کی ملاقات،عمران خان پھر نظر اندازکر دیئے گئے ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق  یہ ملاقات جی ایچ کیو میں ہوئی جس میں ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،افغانستان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔عسکری قیادت  کی جانب سے خطےمیں امن کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں سے تعاون کےعزم کا اظہارکیا گیا۔  افغان عوام کےلیے ایک مستحکم اور خوشحال مستقبل کی ضرورت پر زور بھی دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے  مطابق سی آئی اے کے ڈائریکٹر نے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ سفارتی تعاون مزید مستحکم کرنےکےعزم کا اظہار بھی کیا گیا۔ دوسری جانب امریکی اعلیٰ عہدیدار نے  وزیراعظم عمران خان کو پھر نظر انداز کر دیا۔ بائیڈن حکومت کی پالیسی کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے دو ررہنے کی پالیسی پر عمل کیا گیا۔ امریکی خفیہ ایجنسی کے سربراہ نے وزیراعظم ہاؤس کے بجائے جی ایچ کیو کو ترجیح دی ۔

ذرائع کے مطابق اہم ترین ملاقات میں افغان طالبان کی حکومت کو قبول کرنے کے حوالے سے پاکستان کی رائے لی گئی جبکہ سی آئی اے ڈائریکٹر نے بائیڈن انتظامیہ کے موقف سے آگاہ کیا۔ اس سلسلے میں امریکیوں کے افغانستان سے انخلا پر بھی بات کی گئی اور ضرورت پڑنے  پر پاکستان کی گارنٹی مانگی گئی ۔