علی نقوی ، دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، لاہور۔ فیاض الحسن چوہان کو دوسری مرتبہ ‘ٹارگٹ’ کرنے کی وجہ کیا ہے ؟ حکومتی حلقوں نے وجوہات بتا دیں تاہم سرکاری موقف سامنے نہ آسکا۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق فیاض الحسن چوہان کو دوسری مرتبہ پنجاب حکومت کے ترجمان کے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑ گئے ۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اس مرتبہ بھی انہیں فیصلے سے آگاہ نہیں کیا گیا ۔ فیاض الحسن چوہان کو دوسری مرتبہ بھی میڈیا کے ذریعے ہی معلوم ہوا کہ انہیں ہٹایا جاچکا ہے اور پنجاب سرکار نے نوٹیفکیشن معطل کردیا ہے ۔
معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و خصوصی اقدامات حسان خاور کو حکومت پنجاب کا ترجمان بھی مقرر کر دیا گیا۔ اس فیصلے پر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مجھے عہدے سے ہٹانے کا نہیں بتایا گیا۔ شاید میں اچھی ترجمانی نہیں کرسکا ۔حسان خاور زیادہ اچھے طریقے سے پنجاب حکومت کی ترجمانی کریں گے ۔یہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا اختیار ہے جس کو چاہیں ترجمان بنائیں۔