آسٹریلیا ٹی 20 کرکٹ کا نیا چیمپئن گیا ،فائنل میں کیویز کو 8وکٹوں سے شکست

وقت اشاعت:15نومبر2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، دبئی ۔ آسٹریلیا   ٹی 20 کرکٹ  کا  نیا  چیمپئن  گیا  ،فائنل میں کیویز کو  8وکٹوں سے شکست  دے دی۔ یوں پہلی مرتبہ ٹی ٹوینٹی کپ اٹھالیا ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے  مطابق توقعات کے برعکس ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا فائنل یکطرفہ ثابت ہوا۔ کینگروز نے173 رنز کا ٹارگٹ دو  وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔  ڈیوڈ وارنر 53 رنز اور مِچل مارش ناقابل شکست 77 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ فیصلہ کن مقابلے میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کو ابتدا میں ہی خسارہ برداشت کرنا پڑا جب اوپنرڈیرل مِچل صرف 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ مارٹن گپٹل سے وابستہ امیدیں بھی پوری نہ ہوئیں،، وہ 28 رنز بنانے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے۔ کین ولیم سن نے  جارحانہ موڈ دکھایا اور 48 گیندوں پر 85رنز کی طوفانی اننگز کھیلی ۔

جیمز نیشم 13 رنز اور ٹِم سائفرٹ 8 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔  کیویز نے 20 اوورز میں 4 وکٹیں گنوا کر 172 رنز سکور کیے۔ہدف کے تعاقب میں کینگروز کا آغاز اچھا نہ تھا،، کپتان ایرن فِنچ پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئےتاہم تجربہ کار ڈیوڈ وارنر اور مِچل مارش نے  نیوزی لینڈ کے عزائم خاک میں ملا دیئے ۔ دونوں نے 92 رنز کی میچ وِننگ شراکت قائم کی ۔ وارنر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری  داغی ۔ ڈیوڈ وارنر53 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کاشکار بن گئے۔ دوسری جانب مِچل مارش کا بلا  رنز اگلتا رہا۔ انہوں نے ناقابل شکست  77 رنز سکور کیے۔ کینگروز نے ٹارگٹ 19 ویں اوور میں دو وکٹیں گنوا کر حاصل کر لیا۔