صحافی عمران ریاض منظر عام سے غائب، صحت کے حوالے سے متضاد اطلاعات

وقت اشاعت :22مئی2023

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، لاہور۔ صحافی عمران ریاض منظر عام سے غائب، صحت کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آنےلگیں ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق پاکستان کے صحافی عمران ریاض  مسلسل لاپتہ ہیں اور پولیس نے انکو حراست میں لینے کی تردید کی ہے ۔ سوشل میڈیا پر وائرل خبروں کے مطابق عمران ریاض اداروں کی ہی تحویل میں ہیں اور ان کی صحت خراب ہے ۔ بعض حلقوں میں یہ بھی خبر گردش کر رہی ہے کہ ان  کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیاہے تاہم پولیس نے ایسے دعوؤں کی تردید کی ہے ۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے عمران ریاض کی بازیابی کے لئے سخت ریمارکس دیتے ہوئے اظہار برہمی کیا ہے ۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ عمران ریاض کو کچھ ہوا تو سب کے خلاف کارروائی کروں گا۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ کیا عمران ریاض کو بازیاب کروا لیا گیا ہے جس پر آئی جی نے کہا کہ انہیں فی الحال کامیابی نہیں ملی ۔ ملک بھر کی پولیس سے رابطہ کیا گیا ہے مگر عمران ریاض کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ وہ پولیس کی تحویل میں نہیں ہیں ۔ عمران ریاض کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر پر بھی چھاپہ نہیں مارا گیا ۔ عدالت نے عمران ریاض کی بازیابی کے لئے دو روز کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔