SUPER LEADS

محبت میں گوجرانوالہ پہنچنے والا آسٹریلوی خواجہ سرا مبینہ فراڈ کا شکار، چار کروڑ روپے ہتھیانے کا الزام

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، گوجرانوالہ: محبت کی تلاش میں آسٹریلیا سے گوجرانوالہ پہنچنے والے ایک خواجہ سرا کے ساتھ مبینہ طور پر کروڑوں روپے کا فراڈ اور حبسِ بے جا کا معاملہ سامنے آگیا

 دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، گوجرانوالہ: محبت کی تلاش میں آسٹریلیا سے گوجرانوالہ پہنچنے والے ایک خواجہ سرا کے ساتھ مبینہ طور پر کروڑوں روپے کا فراڈ اور حبسِ بے جا کا معاملہ سامنے آگیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی نوجوان اور اس کے والد کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ کے نواحی گاؤں لدھیوالہ وڑائچ میں آسٹریلوی خواجہ سرا ایک پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچا اور مبینہ طور پر نوجوان سے نکاح بھی کیا گیا۔ غیر ملکی خواجہ سرا تقریباً دو سال تک گوجرانوالہ میں رہا۔

الزام ہے کہ اس دوران پاکستانی نوجوان نے مختلف مواقع پر آسٹریلوی خواجہ سرا سے مجموعی طور پر تقریباً چار کروڑ روپے ہتھیا لیے۔ معاملہ اس وقت منظرعام پر آیا جب غیر ملکی شہری نے موقع ملنے پر کسی طرح پنجاب پولیس کے سربراہ کو ای میل کے ذریعے اپنی صورتحال سے آگاہ کیا اور پوری روداد بیان کی۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ نوجوان اور اس کے والد نے غیر ملکی خواجہ سرا کو مبینہ طور پر حبسِ بے جا میں رکھا ہوا تھا۔ ملزمان نے اسے یہ باور کرایا کہ پاکستان میں خواجہ سرا سے شادی جائز اور قانونی ہے۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ غیر ملکی شہری ایک موقع پر پاکستان سے نکل کر واپس سڈنی پہنچنے میں کامیاب ہوگیا تھا، تاہم مبینہ طور پر ملزمان نے دوبارہ اسے پاکستان بلوا لیا۔ الزام ہے کہ بعد ازاں اس سے مزید رقم کا مطالبہ کیا گیا جبکہ آسٹریلوی ویزے لگوانے کے لیے بھی اس پر دباؤ ڈالا جاتا رہا۔

پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے پاکستانی نوجوان اور اس کے والد کو گرفتار کرلیا ہے۔ واقعے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ مبینہ طور پر ہتھیائی گئی رقم اور دیگر معاملات کی بھی چھان بین کی جارہی ہے۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس سوال کو نمایاں کرتا ہے کہ محبت اور اعتماد کے نام پر کسی غیر ملکی شہری کو مبینہ طور پر مالی فائدے کے لیے استعمال کرنا نہ صرف ایک سنگین جرم ہے بلکہ ملک کے تشخص کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ محبت اندھی ہوتی ہے، تاہم اس معاملے میں بظاہر ایک فریق محبت کی تلاش میں پاکستان پہنچا جبکہ دوسرے فریق پر آسٹریلوی ڈالرز کی محبت میں گرفتار ہونے کا الزام ہے۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کو موصول معلومات کے مطابق معاملے کی مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔

Related Articles

Back to top button