دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ اسلام آباد میں درخت جلانے والے پی ٹی آئی کے 14کارکن پولیس کے ہاتھ لگ گئے
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کو مو صول اطلاعات کے مطابق اسلام آباد بلیو ایریا میں درخت جلانے والے چورہ کارکن پولیس نے حراست میں لے لئے ہیں ۔ ان کارکنوں نے گرین بیلٹ میں گھس کر پٹرول چھڑک کر آگ لگائی جس سے متعدد درخت جل کر راکھ ہوگئے ۔
ایک پولیس وین نے ان کارکنوں کا کچھ آگے جا کر تعاقب کر کے دھر لیا۔ اس سے پہلے کارکنوں کا یہ جھتہ مزید آگ لگانے کے لئے آگے بڑھا تو پی ٹی آئی کے ہی چند کارکنوں نے منع کر دیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار کارکنوں کا تعلق سوات اور بونیر سے ہے ۔ ریڈ زون جانے کی کوشش کرنے پر مزید اٹھارہ کارکن بھی پولیس کی حراست میں ہیں جنہیں تھانہ کوہسار منتقل کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پولیس سٹیشن کے باہر بھی سادہ کپڑوں میں اہلکار تعینات کئے گئے ہیں تاکہ کارکنوں کے ممکنہ دھاوے کی صورت میں معاملات کو کنٹرول کیا جا سکے ۔
ایک پولیس اہلکار نے دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کو بتایا کہ حالات کنٹرول میں ہیں۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی تعداد خاصی کم ہے اسی لئے ڈی چوک کلیئر کروا لیا گیا ہے تاہم کارکن نئی حکمت عملی کے تحت مختلف جگہوں سے ٹولیوں کی صورت میں آگے بڑھتے ہیں ۔