مردان میں بدھا کے مجسمے کو توڑنے کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے ۔دوران کھدائی ملنے والے مجسمے کو توڑتے ہوئے واضح دیکھا جا سکتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مردان میں قدیم مجسمے کو ٹکڑوں میں تقسیم کر کے پھینک دیا گیا باقی حصے چھپا کر ایک گھرمیں منتقل کر دیئے گئے ۔
پولیس کے مطابق واقعہ جمال باغ کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک مذہبی شخصیت نے عوام کو اکساتے ہوئے مجسمے کو توڑنے کا کہا۔ ویڈیو سے واضح ہوا کہ مقامی مسجد کے امام نے لوگوں کو یہاں تک کہہ دیا کہ اگر مجسمہ نہ توڑا تو ان کے نکاح بھی ٹوٹ جائیں گے۔
پولیس کے مطابق ایک ٹھیکیدار مزدوروں کے ساتھ نالے کی کھدائی کرا رہا تھا۔ اس دوران بدھا کا ہزاروں سال پرانا مجسمہ برآمد ہوا۔ ٹھیکیدار اور مزدوروں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کے بجائے امام مسجد کے کہنے پر مجسمے کو توڑنا شروع کر دیا ۔
اس دوران ایک شخص ویڈیو بناتا رہا ۔ٹھیکیداروں کو جب اندازہ ہوا کہ مجسمہ قدیم اور قیمتی ہے ، انہوں نے اوپر کا حصہ قریبی علاقے میں ہی چھپا دیا ۔ واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے ایکشن لیا اور چھاپے کے بعد قیمتی مجسمہ برآمد کر لیا ۔
مجسمے کو محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے کر دیا گیا جبکہ تمام افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔