دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، لندن ۔ لارڈز کے میدان میں آخر کار جنوبی افریقہ نے تاریخ رقم کر ہی دی ۔ آسٹریلیا کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ہرا دیا۔ فائنل کے چوتھے روز جنوبی افریقا نے 213 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اننگز شروع کی تو اسے کامیابی کے لئے محض 69رنز درکار تھے ۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما ایک رن کے اضافے پر ہی آؤٹ ہو گئے ۔ انہوں نے 66رنز بنائے ۔ ایڈن مارکرم کے ساتھ تیسری وکٹ پر 147 رنز کی شراکت قائم ہوئی جو جیت کی راہ ہموار کر گئی ۔
فتح سے صرف 6 رنز کی دوری پر مارکرم بھی چلتے بنے ۔ انہوں نے 136 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ بیڈنگھم اور ورینی نے آخری چھ رنز حاصل کرلئے ۔ جنوبی افریقا نے 282 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پرپورا کرلیا۔ جنوبی افریقی شائقین اس جیت پر خوش دکھائی دیئے ۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق اسی تاریخی جیت کودیکھنے کے لئے آنکھیں ترس گئی تھیں کیونکہ جنوبی افریقہ کوئی بھی بڑا آئی سی سی ایونٹ نہیں جیت پایا تھا۔