SUPER EXCLUSIVESUPER LEADS

ماڈلنگ سے خاتون اول کی سب سے قریبی دوست بننے  کا سفر ، سرکاری تبادلوں میں کروڑوں کی رشوت خوری کا الزام، آخر یہ فرح خان ہیں کون ؟

وقت اشاعت :6اپریل2022

علی نقوی ، بیورو چیف  ، دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، لاہور۔ ماڈلنگ سے خاتون اول کی سب سے قریبی دوست بننے  کا سفر ، سرکاری تبادلوں میں کروڑوں کی رشوت خوری کا الزام، آخر یہ فرح خان ہیں کون ؟

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق خاتون اول کی سب سے قریبی دوست ان دنوں دبئی میں مقیم ہیں جبکہ ان کے شوہر بزنس ٹائیکون احسن جمیل گجر پہلے ہی بیرون ملک موجود ہیں ۔ فرح خان خاتون اول کے ساتھ مختلف جگہوں ، تقریبات میں دیکھی جاتی ہیں جبکہ سرکاری نیوز ایجنسیوں کی جاری تصاویر میں بھی خاتون اول کے ساتھ موجود ہوتی ہیں ۔ خاتون اول کے لنگر خانوں کےد وروں میں بھی فرح خان ساتھ رہیں جس سے سوالات نے جنم لیا کہ کیا فرح خان خاتون اول کی کوئی سٹاف ممبر ہیں، رشتے دار ہیں  یا پھردوست ؟

فرح خان کے بارے میں چند دلچسپ حقائق

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق فرح خان 1995 میں شیخوپورہ سے لاہور سیٹل ہوئی تھیں ۔ ان کا آبائی علاقہ شیخوپورہ ہے ۔ فرح خان  کے مختلف نام میڈیا کی زینت بنتے رہتے ہیں جن میں سے ایک نام فرحت شہزادی بھی ہے ۔ بعض رپورٹس میں ان کا نام فرح گجر  ہے جو کہ ان کے شوہر کے نام کی مناسبت سے ممکن ہےجبکہ انہیں فرح شہزادی کے نام سے بھی  جانا جاتا ہے ۔ لاہور کے ایک مقامی اخبار نے چند ماہ قبل ان کا نام گوگی بٹ کے نام سے چلایا تاہم دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے ذرائع کے مطابق یہ دعویٰ سچ نہیں ۔ ان کا نام فرحت شہزادی ہی ہے ۔

فرح خان بشریٰ بی بی کے ساتھ ایک مختلف جگہوں پر ساتھ دیکھی گئی ہیں ۔ فوٹو کریڈٹ :اے پی پی

دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق فرحت  شہزادی یا فرح خان نے فورٹریس سٹیڈیم لاہور میں کپڑوں کے ایک مشہور برانڈ  نی پنہال کے لئے ماڈلنگ بھی کی تھی ۔ نوے کی دہائی میں ہی انہوں نے ماڈلنگ ترک کی اور  کارپوریٹ سیکٹر میں کاروبار کی ٹھانی ۔فرح خان کا تعلق ایک متوسط گھرانے سے تھا ۔  اسی دور میں ان کی ملاقات گوجرانوالہ کی اہم شخصیت احسن جمیل گجر سے ہوئی ۔ کچھ عرصہ بعد دونوں نے شادی کر لی ۔

واضح رہے کہ احسن جمیل گجر اسی دور میں گوجرانوالہ میں جی مگنولیا نامی ایک ہاؤسنگ سکیم شروع کر چکے تھے ۔ فرح احسن جمیل کی دوسری بیوی ہیں جبکہ ان کے دو بچے بھی ہیں ۔ 2001میں  فرح خان نے اپنے شوہر احسن جمیل گجر کا کاروبار سنبھال لیا اور گلبرگ لاہور میں سینٹر پوائنٹ کے قریب دفتر میں بیٹھنا شروع کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہاں ہی ان کی دوستی بشریٰ بی بی سے ہوئی جن کا اپنے شوہر خاور مانیکا کے ہمراہ دفتر میں آنا جانا شروع ہوا۔ یہ دوستی پروان چڑھتی رہی اور بشریٰ بی بی اور فرح خان کا ایک دوسرے کے گھر تک آنا جانا ہوا۔ فیملی  مراسم بننے کے بعد بشریٰ بی بی اور عمران خان کی شادی بھی فرح خان کے لاہور ڈیفنس کے بنگلے میں ہی  سرانجام پائی ۔ اس شادی کے تمام انتظامات فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر نے کئے ۔

فرح خان علیم خان کے الزامات کے اگلے روز دبئی روانہ ہو گئی تھیں ۔ فوٹو کریڈٹ :فرح خان انسٹا گرام

ذرائع کے مطابق عثمان بزدار احسن جمیل گجر کے دوست تھے اور انہی کی بدولت عثمان بزدار کا تعارف عمران خان سے ہوا جنہوں نے  عثمان بزدار کے سادگی کے کلچر اور پسماندہ علاقے سے تعلق ہونے کی بنا پر اپنی پارٹی کے منشور کے مطابق بڑے منصب پر بٹھانے کا فیصلہ لیا تاہم اس امر کی پی ٹی آئی کے حلقوں نے ہمیشہ تردید کی ہے  خود عثمان بزدار بھی  بی بی سی کودیئے گئے حالیہ انٹرویو میں بشریٰ بی بی کے منظور نظر ہونے یا ان کی سفارش پر آنے کے تاثر کی نفی کر چکے ہیں ۔

فرح خان پر تبادلوں کا الزام  کیوں لگایا جارہا ہے ؟

 پیر کے روز  پی ٹی آئی کے منحرف رکن علیم خان نے جہاں عمران خان کو ریڈار میں رکھا وہیں فرح خان کا نام لے کر کرپشن کا انکشاف بھی کیا۔ علیم خان نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ پنجاب میں تبادلے کیسے ہوتے ہیں ۔ ایک ایس ایچ او بھی تبادلے کے لئے پیسے دیتا ہے اور یہ پیسے فرح خان کے ذریعے بنی گالہ جاتے ہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے پاس سارے ثبوت ہیں ۔ عثمان بزدار کس طرح کرپشن کرتے رہے سب کچھ سامنے لایا جائے گا۔ پنجاب میں اعلیٰ سطح کے تبادلوں کے لئے کروڑوں روپے چلتے ہیں اور یہ سب کچھ فرح خان کروا رہی ہیں ۔

مریم نواز کی طرف سے بھی سنگین الزامات

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے منگل کےر وز پریس کانفرنس میں فرح خان کی مبینہ کرپشن کا ذکر کیا اور کہا کہ تین ، تین کروڑ تک بھی وصول کئے گئے ۔ بہت بڑے راز سامنے آنے والے ہیں ۔ فرح خان کی ایک تصویر میں جو پر س نظر آرہا ہے اس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ دو کروڑ کا ہے ۔ قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا ؟ خاتون اول کے پاس جادو سے پیسہ آرہا ہے یا یہ کرپشن کی لمبی کہانی ہے ؟ مریم نواز نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایک ایک کا احتساب ہونے والا ہے ۔ عمران خان بری طرح پھنس چکا ہے ۔ آئین بھی توڑا اب کوئی بچنے کا راستہ نہیں ۔

بلاول بھی خاتون اول کا نام لے کر کرپشن کے الزامات لگا چکے

دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو بھی فرح خان  پر کرپشن کا الزام لگا چکے ہیں ۔ انہوں نے حالیہ پریس کانفرنس اور اس سے قبل میڈیا ٹاک میں واضح طور پر کہا کہ کرپشن کا پیسہ بنی گالہ جارہا ہے ۔ پنجاب میں تبادلوں پر پیسے لئے جاتےہیں ۔ رشوت کا بازار گرم ہے ۔ خاتون اول خود ان تبادلوں کا پیسہ وصول کرتی ہیں ۔ ثبوت مل رہے ہیں جلد قوم کے سامنے رکھیں گے ۔

سابق پنجاب حکومت کا موقف کیا ہے ؟

اس ضمن میں پنجاب حکومت کے سابق ترجمان حسان خاور کہہ چکے ہیں کہ ان الزامات میں کوئی سچائی نہیں ۔ یہ اپوزیشن کا پراپیگنڈا ہے جو وقت کے ساتھ  دم توڑ جائے گا۔ پنجا  ب میں تمام تبادلے سو فیصد میرٹ کو مد نظر رکھ کر کئے جاتے ہیں ۔ کوئی پیسہ نہیں دیا جاتا۔اسی طرح شہباز گل نے   پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ خاتون اول کسی سے نہیں ملتیں ۔ وہ عوامی مقامات پر بھی نہیں جاتیں ۔ بلاول ، مریم نواز سمیت دیگر اپوزیشن ارکان خاتون اول پر الزام تراشی کر رہے ہیں ۔ ہمارے لئے بھی اپوزیشن رہنماؤں کے اہل خانہ قابل احترام ہیں اسی لئے خاتون اول کا بھی احترام کیا جائے ۔

فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل کا جواب کیوں نہیں آرہا ؟

 سنگین الزامات پر فرح خان کا موقف سامنے آسکا نہ ہی ان کے شوہر احسن جمیل گجر کوئی جواب دے رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فرح خان علیم خان کے سنگین الزامات  کے اگلے روز دبئی روانہ ہو گئی تھیں جہاں ممکنہ طور پر ان کے شوہر اور اہل خانہ بھی موجود ہیں ۔ ان کی پاکستان واپسی کب ہوگی معلوم نہ ہو سکا۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق الزامات  سنگین نوعیت کے ہیں ۔ علیم خان  اور عامر لیاقت حسین کے بعد دیگر رہنما بھی منحرف ہو کر الزامات لگا سکتے ہیں ایسے میں فرح خان اور ان کے شوہر کو اپنی پوزیشن کلیئر کرنی چاہیے ۔

Related Articles

Back to top button