دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ عسکری قیادت کے خلاف ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈز، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے نوٹس لے لیا، پی ٹی آئی کے ہینڈلرز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز ہو گیا۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق پاک فوج کی فارمیشن کمانڈرز کانفرنس سے واضح پیغام سامنے آگیا۔ بلا امتیاز ریاستی اداروں کے تحفظ کا عزم ظاہر کیا گیا۔ شرکا نے کہا پاک فوج کسی بھی صورت قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ آئین اور قانون پر عمل پیرا رہیں گے ۔ کانفرنس کے موقع پر ادارے کے خلاف گمراہ کن مہم کو قابل مذمت ٹھہرایا گیا۔ ذمہ داروں کی نشاندہی کی بھی بات ہوئی ۔ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے مزید کہا بعض عناصر گمراہ کن مہم کے ذریعے ادارے اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کر رہے ہیں ۔ہم مہم چلانے والوں کے قریب پہنچ گئے ہیں ۔ قومی سلامتی ہر چیز سے مقدم ہے۔ پاک فوج ہمیشہ ریاستی اداروں کیلئے کھڑی ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پرآرمی چیف نے کہا پاک فوج اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے ۔ کانفرنس میں تمام کور کمانڈرز اور پرنسپل افسران نے شرکت کی ۔ پیشہ ورانہ امور او رقومی سلامتی کے معاملات پر بریفنگ دی گئی ۔
فوج کے خلاف ٹرینڈز میں پی ٹی آئی سوشل میڈیا سیل فعال ، مختلف شہروں میں گرفتاریاں
سپریم کورٹ اور فوج کے خلاف مہم چلانےوالوں کےگرد گھیراتنگ کیا جارہا ہے ۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے گیارہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ فیصل آباد سے آٹھ، لاہور سے دو اور ملتان سے ایک ملزم کو پکڑا گیا۔ اداروں کو بدنام کرنےکی مہم میں شامل پچاس ہزار سوشل میڈیا پیجز شارٹ لسٹ کرلیے گئے۔ سیکڑوں جعلی اکاؤنٹ چلانے والے پچاس افراد کی فہرستیں بھی ایف آئی اے نے حاصل کر لیں۔