علی نقوی ، دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، لاہور۔ لاہور جلسے میں مطلوبہ تعداد کے اہداف پورے نہ ہونے پر عمران خان خفا، لاہور کی سینئر قیادت سے بات کئے بغیر زمان پارک روانہ ہوئے ۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق لاہور جلسے کے حوالے سے اندازے غلط ثابت ہوئے ۔ جلسے میں عوام کی مایوس کن تعداد پر پی ٹی آئی لاہور کے سینئر رہنما مایوس دکھائی دیئے ۔ عمران خان جیسے ہی جلسہ گاہ میں سٹیج پر پہنچے تو سیٹ پر بیٹھنے کے بعد اسد عمر سے کارکنوں کی تعداد کے حوالے سے استفسار کیا جس پر اسد عمر نے انہیں بتایاکہ کچھ کمی بیشی لگ رہی ہے ۔عمران خان اس وقت مایوس دکھائی دیئے ۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی باڈی لینگویج بھی روایتی پر جوش دکھائی نہ دی ۔ عمران خان نے متعدد مرتبہ اعجاز چودھری اور شفقت محمود کے علاوہ حماد اظہر سے سرگوشی کی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان لاہور کے اہم جلسے میں کارکنوں کے جم غفیر کی توقع کر رہے تھے مگر جلسہ گاہ کا بیشتر حصہ خالی تھا۔ ایک وقت میں جب فیصل جاوید جلسے کی صدارت کررہے تھے تو انہوں نے قوالی لگوا دی ۔ جیسے ہی نصرت فتح علی خان کی آواز گونجی تو عمران خان نے انہیں ہاتھ کے اشارے سے جلسہ جاری رکھنے کا کہا جس پر فیصل جاوید نے ڈی جے ولی سنز کے ساؤنڈ آپریٹر کو مخاطب کر کے کہا آگے بڑھتے ہیں ۔
عمران خان کی تقریر کے دوران بھی شرکا جلسہ گاہ سے روانہ ہوتے رہے
ذرائع کے مطابق عمران خان کی تقریر کے دوران بھی لوگ سیٹوں سے اٹھ کر جانے لگے۔ ایک وقت ایسا آیا جب لوگ پنڈال کے خارجی راستے پر بڑی تعداد میں جمع ہو گئے اور باہر جانے کے لئے کوشاں نظر آئے ۔ اس فوٹیج کو پاکستان کے ٹی وی چینلز جیو نیوز ، ٹوینٹی فور نیوز، نیو ٹی وی اور سما ٹی وی نے نمایاں کوریج دی اور واضح کیا کہ عمران خان کی تقریر کےد وران ہی لوگ باہر نکل رہے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق جلسے کے اختتام پر عمران خان مایوس کن انداز میں سٹیج سے اتر کر گاڑی کی جانب بڑھے جبکہ انہیں الوداع کہنے شفقت محمود اور اعجاز چودھری آگے بڑھے مگر عمران خان نے توجہ دیئے بغیر زمان پارک کی راہ لی ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان جلد لاہور کی قیادت کو طلب کر کے جلسے میں کم تعداد کی رپورٹ طلب کر سکتے ہیں ۔
اس سلسلے میں دی سپر لیڈ ڈاٹ کام نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعجاز چودھری سے رابطہ کیاتو انہوں نے عمران خان کی ناراضی کی تردید کی اور جلسے کو کامیاب قرار دیا۔