دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، کراچی ۔ کم عمرلڑکیوں کو ورغلاکرشادی کا گھناؤنا کھیل ، کراچی کی دو کم سن لڑکیوں کا گھر سے بھاگ کر مبینہ نکاح ،والدین بے بسی کی تصویر بن گئے ۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں کم عمری کی شادیاں تمام تر قانون سازی کے باوجود نہ رک سکیں ۔ کراچی سے لاپتہ دعا کی گمشدگی کا معاملہ مزید الجھ گیا۔ دعا زہرا کا نکاح نامہ سامنے آگیا۔ لاہور پولیس نے نکاح نامہ کراچی پولیس سے وصول کیا ۔ نکاح نامے پر درج لاہور کے دونوں ایڈریس جعلی نکلے ۔
چودہ سالہ دعا کو نکاح نامے میں بالغ ظاہرکرنے کے لئے عمر اٹھارہ سال لکھی گئی ۔ جعل ساز نکاح خواں کی تلاش جاری ہے ۔ اہل خانہ کے مطابق دعا لاہور میں ہے،پولیس کی حفاظتی تحویل میں نہیں ۔
لاہور پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان کا کہنا ہے کہ لڑکی کی بازیابی کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ دعا زہرا کاظمی کراچی کے علاقے الفلاح سے پندرہ روز قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہوئی ۔دعا کے والد ین بچی کی گمشدگی پر بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں ۔ دعا کے والد نے پولیس سے اپیل کی کہ ان کی بچی کو فوری بازیاب کروایا جائے۔
کراچی میں ہی 14سال کی لڑکی کا بھی نکاح ، نمرہ نے مرضی سے شادی کا بیان دے دیا
کراچی سعود آباد سے لا پتہ نمرہ کاظمی کا سراغ مل گیا۔نمرہ کی ڈیرہ غازی خان کے لڑکے مجیب شاہ رخ سے شادی کا انکشاف ہوا ہے ۔ فارم ب کے مطابق نمرہ کی عمر 14سال ہے جبکہ نکاح نامے میں عمر18 سال لکھی گئی ۔
نمرہ کا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا۔انہوں نے کہا کہ مرضی سے شادی کی ہے ۔ والد بوڑھے شخص سے زبردستی شادی کروانا چاہتا تھا۔ عدالت میں بیان حلفی جمع کروا دیا ۔ نجی زندگی میں مداخلت نہ کرنے کی درخواست کی ہے ۔