SUPER LEADS

جامعہ کراچی میں چینی پروفیسرز کو ٹارگٹ کیا گیا ، پاک چین تعلقات میں ایک مرتبہ پھر سرد مہری کا خدشہ ؟

وقت اشاعت :27اپریل 2022

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام، کراچی ۔ جامعہ کراچی میں چینی پروفیسرز کو ٹارگٹ کیا گیا ، پاک چین تعلقات میں ایک مرتبہ پھر سرد مہری کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

 دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق کالعدم بی ایل اے کی جانب سے ایک مرتبہ پھر چینی شہریوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے ۔ جامعہ  کراچی میں تعینات چینی پروفیسرز اور عملے کے ایک رکن کو مکمل ریکی کے بعد نشانہ بنایا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون بمبار رکشے میں یونیورسٹی پہنچی ۔ بمبار نے تین سے چار کلو بارودی مواد کی جیکٹ پہن رکھی تھی ۔ بارودی مواد میں سٹیل کے بال بیرنگ استعمال کئے گئے تاکہ آتش گیر مادہ بال بیرنگ کے ساتھ زیادہ تباہی پھیلا ئے ۔

دھماکے کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ فوری طور پر کراچی میں چینی قونصلیٹ جا پہنچے اور قونصل جنرل سے ملاقات  میں ہر ممکن تعاون اور تحقیق کی یقین دہانی کرائی ۔  وزیراعلیٰ نے دھماکے کے حوالے سے ابتدائی معلومات بھی شیئر کیں ۔ اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف بھی اسلام آبادمیں چینی سفارتخانے گئے اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

دفتر خارجہ نے افسوسناک حملے کے بعد اپنا ردعمل دیا اور اسے بزدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے  دہشت گردی کو ناقابل قبول کہا۔سفارتی ذرائع کے مطابق اس سے پہلے بھی چینی باشندوں کو ٹارگٹ  کئے جانے پر چینی حکومت سابق پاکستانی حکومت سے سکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کا مطالبہ کر چکی ہے  ۔ گوادر حملے کے بعد چین نے کئی انجینئرز کو واپس بھی بلوا لیا ۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی حکومت نے چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں وزارت داخلہ کو ہدایات  موصول ہو چکی ہیں ۔

Related Articles

Back to top button