ندیم رضا، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام، نیویارک۔ ایک پاکستانی وزیراعظم کااقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سےروایتی خطاب ،شہباز شریف نے کشمیر، اسلاموفوبیا، فلسطین ، بھارت سے تعلقات کو اپنی تقریر کا حصہ بنایا۔ سیلاب کا ایشو بھی اٹھا دیا۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل سے اسمبلی سے وزیراعظم شہباز شریف نے متوازن خطاب کیا ہے ۔ اقوام متحدہ میں یہ سو فیصد ایک روایتی پاکستانی وزیراعظم کا خطاب ہے ۔ ماضی میں ہر وزیراعظم انہی امور پر آواز اٹھاتا رہا ہے ۔ صرف عمران خان نے روایتی ایشوز پر بات کرنے کے ساتھ جذباتی انداز میں اسلاموفوبیا کو پہلی مرتبہ موضوع گفتگو بنایا تھا۔ عمران خان کے جانے کے بعد شہباز شریف نے بھی روایتی ایشوز کا ہی انتخاب کیا ہے ۔
انہوں نے کشمیر کے مسئلے پر روشنی ڈالی ۔ بھارت کو ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دی ۔ ماضی کے وزرائے اعظم کی طرح جنگ سے بچنے کا مشورہ دیا۔ اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی مظالم کا تذکرہ کیا جو کہ ہر پاکستانی وزیراعظم کی تقریر کا لازمی جزو بن چکا ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنی تقریر میں افغان مسئلے پر بات کرنا بھی نہ بھولے ۔ اسی طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قربانیوں کا تذکرہ بھی سابق پاکستانی وزرائے اعظموں کی تقریر کی طرح لازمی ٹھہرا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے موقع اور حالات کی سنگینی کے مطابق سیلاب متاثرین کی مدد کی بھی درخواست کی ۔ انہوں نے اقوام عالم کے سامنے سیلاب سے ہونے والے نقصان کا ذکر کیا اور عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں پر بھی سنجیدہ اقدامات کے لئے آواز اٹھائی ۔