دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، لاہور۔ جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کی لانچنگ،فواد چودھری کے منہ چھپانے پر نئی پارٹی کی وضاحت سامنے آگئی ۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق جہانگیر ترین نے اپنی نئی سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی لانچ کر دی ہے ۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے نو مئی کے واقعات کی کھل کر مذمت کی اور اسے سیاست میں بدقسمت واقعہ قرار دیا۔ انہوں نے علیم خان ، عمران اسماعیل ، علی زیدی سمیت دیگر کے ساتھ پریس کانفرنس میں عمران خان کا نام لئے بغیر انکے بیانیہ کو غلط قرار دیتے ہوئے نئی پارٹی کو ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کرنے کی طرف اشارہ کیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اس موقع پر فواد چودھری کو سٹیج پر نہیں بٹھایا گیا۔
انہوں نے ایک لائن کے پیچھے بیٹھنا پسند کیا ۔ اس دوران ان کی ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں وہ گویا میڈیا سے منہ چھپاتے دکھائے دیئے ۔ انہوں نے واپسی پر خاموشی سے گاڑی میں بیٹھنے کو ترجیح دی جبکہ میڈیا سے گفتگو بھی نہیں کی ۔ پریس کانفرنس میں فواد چودھری کے طرز عمل پر نئی سیاسی جماعت کے سرکردہ رہنما عون چودھری کا بھی ردعمل سامنے آگیا۔
انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کی میڈیا کیمروں سے چھپنے کی حقیقت من گھڑت ہے ۔ فواد چودھری نے ایسا ہرگز نہیں کیا۔ وہ استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ ہیں ۔اس ضمن میں وہ خود جلد میڈیا سے باضابطہ گفتگو کر کے اپنی پوزیشن کلیئر کریں گے ۔