شہریار خان ، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ،لاہور۔ نوازشریف کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے کی مخالفت، جلد بیان دیں گے
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے کی مخالفت کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے نوازشریف نے واضح کیا کہ کسی بھی جماعت پر پابندی مسئلے کا حل نہیں ہے ۔ ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ملک دشمن سرگرمیوں کو جواز بنا کر پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری چاہتی ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس پالیسی کے برعکس نواز شریف جلد سخت بیان دینے کا ارادہ رکھتے ہیں اور پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے سے لاتعلقی کا اظہار کریں گے ۔
ادھر پیپلز پارٹی نے بھی پابندی کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئےاس فیصلے سے لا تعلقی کا اعلان کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پرپابندی کے فیصلے پرپیپلز پارٹی سےمشاورت نہیں ہوئی ۔ پی ٹی آئی کو بھی اپنا کردار دیکھنا ہوگا، محض سیٹیں لے لینا یا ووٹ لےلینے سے سیاسی جماعت نہیں بن جاتی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خود اپنی وجہ سے اس مقام پر پہنچی ہے ۔