SUPER LEADS

کیاغداری کاالزام لگاکرشہبازگل خودپھنس گئے؟

علی نقوی ، دی سپر لیڈ ، لاہور۔ کیاغداری کاالزام لگاکرشہبازگل خودپھنس گئے؟ وزیراعظم کے معاون خصوصی  نے  دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز کی کھوکھر پیلس میں ایک بھارتی سے  ملاقات ہوئی ہے ۔ تاہم عدم ثبوت پر  بہت سے سوالات جنم لے رہے ہیں ۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق شہباز گل نے مریم نوازپر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ  مریم نواز نے کھوکھر پیلس میں بھارتی شہری سے  ملاقات کی ۔ اس دعوے کے بعد لاہور سے ن لیگ کے ایک رہنما ملک سیف الملوک کھوکھر میدان میں اتر آئے اور ویڈیو بیان میں شہباز گل کو چیلنج دے دیا۔

واضح رہے کہ شہباز گل نے جس کھوکھر پیلس کا ذکر کیا ہے وہ دراصل ملک سیف الملوک کے عالیشان ڈیرے نما گھر کا نام ہے ۔ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں اس گھر کو الیکشن کے ایام میں انتخابی دفتر کی بھی حیثیت مل جاتی ہے ۔ جبکہ اسی علاقے میں کھوکھر خاندان کی کئی جائیدادیں بھی  ہیں ۔ ملک سیف نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ شہباز گل جھوٹ بول رہے ہیں ۔ اگر ان کے کھوکھر پیلس میں ایسی کوئی ملاقات ثابت ہو جائے ۔۔تو وہ اور ان کے بھائی ہمیشہ کے لئے سیاست چھوڑ دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز یہاں آئیں نہ یہاں کوئی ملاقات ہوئی ۔ شہباز گل کے خلاف انہوں نے ہتک عزت اورہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا بھی اعلان کیا ۔

کھوکھر صاحب یہ ملاقات آپ کی طرف نہیں ہوئی :شہباز گل

دوسری جانب جیسے ہی ملک سیف کا بیان پاکستانی میڈیا پر نشر ہوا تو شہباز گل نے معاملہ سنبھالتے ہوئے ٹویٹ کیا ۔اورلکھا کہ  کھوکھر صاحب ہمیں پتہ ہے آپ جیسے لوگ ملک دشمن بیانیے کا حصہ نہیں ہیں۔آپ تو خود مجبور ہیں،پھنسے ہوئے ہیں۔ یہ ملاقات آپکی طرف نہیں ہوئی۔لاہور میں کئی اور کھوکھر ہاؤسز اور کھوکھر پیلس موجود ہیں۔ اس کا جواب مریم بی بی کو دینے دیں کہ یہ ملاقات کہاں ہوئی آپ خوامخواہ اڑتا تیر مت پکڑیں۔

 شہباز گل نے یوں معاملہ فورا گھماتے ہوئے اسے لاہور کے دیگر علاقوں سے جوڑ دیا۔ ذرائع کے مطابق شہباز گل نے اسی کھوکھر پیلس کا ذکر کیا تھا ۔جسے لاہور میں ن لیگی سیاست میں اہم مقام حاصل ہے ۔ تاہم ملک سیف کی وضاحت کے بعد بیان تبدیل کرلیا ۔

یہ بھی پڑھیئے:مریم نواز کو جواب دیا تو سیاسی زلزلہ آجائےگا، شیخ رشید

سپر لیڈ نیوز سے گفتگو میں ن لیگی رہنما  اعجاز احمد خان نے کہا کہ شہباز گل نے اپنے آقاؤں کے کہنے پر بیان تو داغ دیا۔۔مگر اب مشکل میں پھنس گئے ہیں ۔ شہباز گل بتا دیں اگر ان کا اشارہ ملک سیف الملوک کے کھوکھر پیلس کی طرف نہیں ہے ۔۔تو پھر کونسے کھوکھر پیلس کی بات کر رہے ہیں ؟ لاہور میں کونسا اور کھوکھر پیلس ہے ؟کیا یہ کسی شادی ہال کی بات کر رہے ہیں ؟مشکل میں پھنسنے کے بعد شہباز گل الٹی سیدھی ہانک رہے ہیں جو فطری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر شہباز گل غداری کا الزام لگا کر خود پھنس گئے ہیں ۔

 

Related Articles

Back to top button