قاسم چوہان ، سپر لیڈ ، کراچی ۔ اسدعمرکی بھتیجی اورزبیرعمرکی بیٹی کو کوروناویکسین لگنےپرہنگامہ کھڑا ہوگیا ۔ وفاقی حکومت نے نوٹس لے لیا۔ اسد عمر اپنی ہی بھتیجی کے معاملے میں کود پڑے ۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق سندھ میں سیاسی سفارش پراہم شخصیات کو کورونا ویکسین لگانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ معاملہ منظر عام پر آنے کےبعد سندھ حکومت نے پہلے نوٹس لیا اورمحکمہ صحت نے ڈسڑکٹ ہیلتھ افسر ایسٹ ڈاکٹرانیلا قریشی کو معطل کردیا۔
معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو وفاقی وزیراسدعمر بھی میدان میں اتر آئے ۔ اپنی بھتیجی اور ان کے شوہر کا نام تو نہ لیا مگر واضح کر دیا کہ سندھ سے شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ کراچی میں ہیلتھ کیئر ورکرز کے علاوہ جان پہچان والوں کوبھی کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوری نوٹس لےکر این سی او سی نے سندھ حکومت کو سختی سے ویکسی نیشن کاعمل منصفانہ بنانےکی تائید کی ہے ۔
شہباز گل نے زبیر عمر کے اہل خانہ کی تصاویر بھی شیئر کر دیں ، نام نہیں لیا
اس معاملے پر شہباز گل ایک قدم آگے رہے اور ٹویٹر پر زبیر عمر کی بیٹی اور داماد کی تصاویر بھی جاری کر دیں ۔ ساتھ ہی لکھا کہ وہ مافیا جس نے کورونا پر سب سے زیادہ سیاست کی۔۔آج بھی انہیں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز سے زیادہ اشرافیہ کی فکر ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ طبی عملے کے لئے ویکسین کیا سیاسی خاندانوں کو لگائی جا رہی ہے؟
سپر لیڈ نیوزذرائع کے مطابق کورونا ویکسین ہیلتھ ورکرز کے ساتھ من پسند شخصیات کو بھی لگائی جارہی ہیں ۔ وفاقی سطح پر بھی یہی صورتحال ہے ۔
اسلام آباد میں بھی اہم سیاسی شخصیات اور ان کے اہل خانہ کو نوازا جارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکومتی شخصیات خود ویکسین کے حوالے سے دباؤ ڈال رہی ہیں تاہم اسدعمرکی بھتیجی اورزبیرعمرکی بیٹی کو کوروناویکسین لگنےپرہنگامہ برپا ہوگیا ۔ واضح رہے کہ ن لیگ کے رہنما زبیر عمر اور وفاقی اسد عمر سگے بھائی ہیں لیکن سیاسی اختلاف رکھتے ہیں ۔