دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ کورونا کے شکار جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی حالت اچانک بگڑ گئی ، ہسپتال میں سی ٹی سکین کیا گیا ، ان کی اہلیہ کی بھی طبیعت کورونا کے باعث خراب ہے ۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق کورونا سے متاثر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی طبیعت جمعرات کی صبح اچانک بگڑ گئی ۔ گھر میں قرنطینہ کے دوران ان کے سینے میں زیادہ درد اور سانس لینے میں تکلیف ہوئی تو انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔ جہاں ان کا سی ٹی سکین کیا گیا۔ سٹیرائیڈز بھی لگائے جانے کی اطلاعات ہیں ۔ ان کی اہلیہ سرینا عیسیٰ بھی کورونا کا شکار ہیں ۔
ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے جسم میں آکسیجن لیول کم ہوا ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ جسٹس قاضی فائز نے آن لائن ڈھائی گھنٹے تک ایک اجلاس میں شرکت کی۔ بولتے وقت سینے میں درد کی شکایت ہونے پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔ واضح رہے کہ پا کستان بھر میں ان دنوں کورونا کی چوتھی لہر پھیل رہی ہے ۔ کورونا وائرس سے چوبیس گھنٹے میں 76 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ 4ہزار 497 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ۔