دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، شارجہ ۔ انگلینڈ نے لنکا ڈھا کر سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا ، سری لنکن ٹیم 164 رنز کے تعاقب میں137 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر 12 میں سری لنکا کا سفر تمام ہو گیا ہے ۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے۔ پہلے تین بلے باز 35 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے ۔ جوز بٹلر نے کپتان مورگن کیساتھ مل کر ٹیم کو مشکل سے نکالا۔ دونوں نے 112رنز کی طویل پارٹنر شپ قائم کی ۔ مورگن 40رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تاہم دوسرے اینڈ میں بٹلر لنکن بالرز پر لاٹھی چارج کرتے رہے ۔ انہوں نے رواں ورلڈ کپ کی پہلی سنچری سکور کی۔ جوز بٹلر67گیندوں پر 101 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹرز لڑکھڑا گئے۔ نیسانکا ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ اسالانکا نے 21 رنز بنانے کے بعد وکٹ گنوا دی۔ کوشل پریرا عادل رشید کا نشانہ بنے ۔ راجاپکسا اور کپتان شناکا کی مزاحمت چھبیس، چھبیس رنز تک ہی محدود رہی ۔ ہسارنگا 34 رنز بنا کر ٹاپ سکورر ہے ۔ اس طرح سری لنکا کے بلے باز 19 اوورز میں 137 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ شاندار کامیابی کے بعد انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔