ملکی پارلیمانی سیاست میں تاریخ رقم ، پہلی مرتبہ منتخب وزیراعظم عدم اعتماد کے بعد اقتدار سےہاتھ دھو بیٹھا

وقت اشاعت:10اپریل2022

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ ملکی پارلیمانی سیاست میں تاریخ رقم ، پہلی مرتبہ منتخب وزیراعظم عدم اعتماد کے بعد اقتدار سے باہر  ہوگیا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق اعصاب شکن مقابلے کے بعد قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گئی ۔ دن بھر اسد قیصر اور امجد نیازی کی طرف سے اجلاس بار بار ملتوی کئے جانے کے باوجود رات گئے ووٹنگ ہو  گئی ۔ اسد قیصر  نے ڈرامائی طور پر بارہ بجنے سے بیس منٹ پہلے استعفیٰ دے دیا اور چیئر ایاز صادق کو دے دی جس کے بعد باقاعدہ طور پر ووٹنگ کا آغاز ہوا۔ تحریک عدم اعتماد کے حق میں 176ووٹ ڈلے جس کے بعد سپیکر نے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کامیاب ہونے کا اعلان کر دیا۔ تحریک کامیاب ہونے کے بعد ایوان نعروں سے گونج اٹھا۔ پیپلز پارٹی  اور ن لیگ کے ارکان ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیتے رہے ۔

پی ڈی ایم سربراہ نے خصوصی طور پر ارکان اسمبلی  کو مبارکباد دی اور اسے حق کی جیت قرار دیا۔ مریم نواز نے بھی  قوم کو مبارکباد دی ۔ رات گئے مختلف شہروں میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے رہنماؤں نے جشن منایا۔ لاہور اور گوجرانوالہ میں آتش بازی ہوئی ۔