دی سپر لیڈ ڈاٹ کام، اسلام آباد۔ ثاقب نثار نے نواز شریف اور مریم نواز کی ضمانت رکوانے کے بعد اطمینان سے چائے کا دوسرا کپ بھی پیا، ملکی سیاست میں ایک اور ہیجان انگیز موڑ آگیا۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا شمیم نے پاکستانی سیاست میں تہلکہ مچا دیا ہے ۔ انہوں نے لندن کی ایک کمپنی سے حلف نامہ تیار کر کے جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اس وقت کے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں ۔ بیان حلفی میں جسٹس ریٹائرڈ رانا شمیم نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف اور مریم نواز کو 2018 کے عام انتخابات سے قبل ضمانت نہ دینے کے لئے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے دباؤڈالا تھا۔ثاقب نثار اپنے خاندان کے ستائس افراد کے ہمراہ گلگت بلتستان چھٹیوں پر آئے تھے۔
رانا شمیم نے دعویٰ کیا کہ ایک دن ثاقب نثار اپنی اہلیہ کے ہمراہ میرے ساتھ موجود تھے جبکہ میری اہلیہ بھی موجود تھیں ۔ اس دوران ثاقب نثار نے فون پر کسی جج کو ہدایت کی کہ کسی بھی صورت 2018 کے الیکشن سے پہلے نواز شریف اور مریم نواز کی ضمانت نہیں ہونی چاہیے ۔ رانا شمیم نے مزید کہا کہ ثاقب نثار اس وقت کچھ پریشان تھے ۔ مگر انہیں فون پر آگے سے یقین دہانی ملی جس کے بعد وہ پر سکون ہو گئے اور انہوں نے چائے کا ایک اور کپ بھی پیا ۔ میں نے انہیں کہا کہ نواز شریف کو پھنسایا جارہا ہے جس پر انہوں نے کہا کہ رانا صاحب۔۔ آپ سمجھیں آپ نے کچھ سنا ہی نہیں ۔