BREAKINGSUPER LEADS

کیا نوجوان بلاول  بھارت میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہے ؟

وقت اشاعت :7مئی2023

فہد مرزا ، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ کیا نوجوان بلاول  بھارت میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہے ؟ بھارت کے برعکس پاکستان میں پی ٹی آئی کے سوا تمام سیاسی جماعتیں بلاول کا دورہ کامیاب قرار دینے لگیں ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام  کے مطابق بلاول بھٹو نے بھارتی شہر  گوا میں کانفرنس کے دوران سائیڈ لائن ملاقاتیں کیں ۔ انہوں نے ملاقاتوں کے دوران بھارتی میڈیا کو بھی انٹرویوز دیئے اور اپنے موقف کی بھرپور ترجمانی کی ۔   نوجوان بلاول کی سفارتی کامیابیوں پر پاکستان میں  خوب شور ہے ۔ پاکستانی میڈیا نے بلاول بھٹو کی کامیابی کا تذکرہ نمایاں انداز میں کیا ہے ۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھارتی ٹی وی چینل ’انڈیا ٹوڈے‘ کے صحافی اور میزبان کو دیے گئے جواب کی کلپ وائرل ہونے کے بعد پاکستان میں  سوشل میڈیا صارفین ان کی تعریفیں کرتے دکھائی دیے۔

انڈیا ٹوڈے کو دیئے گئےا نٹرویو میں  بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کلبھوشن یادیو اور سمجھوتہ ایکسپریس واقعات پر بات کرنے کے دوران بھارتی صحافی اور میزبان    نے  اجمل قصاب کے حوالے سے سوال کیا  جس پر بلاول بھٹو نے تحمل سے کہا کہ وہ اعداد و شمار ، حقائق اور دانشمندی سے بات کر رہے ہیں جبکہ آپ ہائپر ہو رہے ہیں ۔

بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ’ہایپر‘ کا لفظ استعمال کرنے پر بھارتی اینکر نے اپنا سوال تبدیل کر لیا اور بھٹو خاندان کی کامیابیوں پر بات شروع کر دی ۔ اسی طرح بلاول بھٹو زرداری نے بی بی سی ہندی  کو دئے گئے انٹرویو میں کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی قانونی حیثیت کی بحالی تک دو طرفہ مذاکرات ناممکن ہیں۔  دی ہندو  کو دیے گئے انٹرویو میں بھی  بلاول  نے کچھ ایسے ہی

الفاظ کا سہارا لیا اور واضح کیا کہ کشمیر پر بات چیت کی جانی چاہیے ۔

بھارتی میڈیا نے بلاول کے دورے پر کیا تبصرے کئے ؟

دوسری جانب بھارتی میڈیا  نے بلاول بھٹو کو  نوجوان اور غیر تجربہ کار وزیر خارجہ ثابت کرنے کی کوشش کی ۔ بھارتی میڈیا نے جہاں بلاول کو غیر تجربہ کار قرار دیا وہیں  فوج کا نام لئے بغیر ریاست پاکستان کے بھارت کی جانب جھکاؤ کا بھی تذکرہ کیا۔ بعض چینل نے یہ تاثر دیا کہ پاکستان اب بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے لئے پر تول رہا ہے ۔ پاکستان کی کوشش ہے کہ گرتی ہوئی معیشت کی وجہ سے کوئی سہارا ڈھونڈا جائے ۔ اسی طرح بعض بھارتی چینلز نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کو بھی ہوا دے رہا ہے ۔ دہشت گردوں کی معاونت ختم کئے بغیر بات چیت نہیں ہونی چاہیے ۔

Related Articles

Back to top button