پاکستان بھرمیں عاشورہ کےجلوس برآمد ہوئے ۔ لاہور،کراچی ، اسلام آباد، پشاور ، کوئٹہ ، سکھر سمیت دیگر شہروں میں ماتمی جلوسوں کے دوران سکیورٹی کے انتظامات سخت رہے ۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق پاکستان بھر سے برآمد ہونے والے جلوسوں میں عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کو سلام پیش کیا ۔
نویں محرم کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ کی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا ۔
دسویں محرم یعنی یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات رہے ۔
کمیونٹی کے رضا کاروں نے خود بھی سکیورٹی اور آگاہی امور سنبھالے اور عزاداروں کو گائیڈ لائنز فراہم کی ۔
کراچی میں مرکزی جلوس کے راستوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات رہے ۔ اس موقع پر جلوس کے راستوں میں بھی موبائل فون سروس بند کر دی گئی ۔
کراچی میں مرکزی جلوس بارش کی وجہ سے متاثر رہا
نمائندہ سپر لیڈ نیوز کے مطابق کراچی میں بارش کے پانی اور سیوریج مسائل کی وجہ سے روایتی گہما گہمی تو نظر نہیں آئی البتہ انتظامیہ نے جلوس کے راستے کلیئر کرنے کے لئے اقدامات ضرور اٹھائے ۔
اسی طرح پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی ماتمی جلوس برآمد ہوئے ۔ گوجرانوالہ ، سیالکوٹ، اوکاڑہ سمیت دیگر اضلاع میں بھی سکیورٹی کے انتظامات سخت رہے ۔
سول ایریا کنٹونمنٹ بورڈ اوکاڑہ کینٹ میں 9 محرم الحرام کے سلسلے میں جلوس نکالا گیا ۔ جلوس سے پہلے مجلس کی گئی جبکہ نذر و نیاز کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔
اس موقع پر میجر (ر) احمد نواز، صدرگیمبر پریس کلب عمر نذیر خان بلوچ ، جنرل سیکرٹری خالد شاہین فریدی اور سید امجدحسین شاہ سمیت دیگر معززین علاقہ نے شرکت کی ۔
سکھر میں روایتی جلوس مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔جلوس کے راستوں میں سبیلوں اور نذر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیئے:کراچی میں بارشوں کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے
گوجرانوالہ کے مرکزی جلوس میں بچوں ، بوڑھوں سمیت عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔ ذاکراین نے فلسفہ حسین پر روشنی ڈالی ۔