PAKISTAN

پاکستان کی پہلی سکھ صحافی منمیت کور کو دھمکیاں ، صحافتی تنظیموں کا احتجاج

سپر لیڈ نیوز، پشاور۔ پاکستان کی پہلی سکھ صحافی منمیت کور کو دھمکیاں ، صحافتی تنظیموں کا احتجاج ، پشاور سے تعلق رکھنے والی منمیت نے انصاف کے لئے اعلیٰ حکام سے اپیل کر دی ۔
سپر لیڈ نیوزکے مطابق پاکستان کی پہلی سکھ صحافی منمیت کور ان دنوں انصاف کے لئے اعلیٰ حکام کی جانب دیکھ رہی ہیں۔ ان کے شوہر کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں جبکہ چند ماہ قبل با اثر افراد نے ان پر تشدد بھی کیا ۔ منمیت کور نے اس حوالے سے سپر لیڈ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شوہر کو کچھ عرصہ قبل ذاتی عناد پر ان کی اپنی ہی کمیونٹی کے چند افراد نے اغوا کیا اور پیسوں کا مطالبہ کیا۔ ان کے شوہر گاڑیوں کی خریدو فروخت کاکاروبار کرتے ہیں ۔ ایک عورت نے ان کو گاڑی دیکھنے کے بہانے بلایا اور اپنے شوہر کے ساتھ مل کر حبس بے جا میں رکھا اس کے بعد ان کی تصاویر کھینچ کر بلیک میلنگ کی غرض سے سوشل میڈیا پر وائرل کر دیں ۔

منمیت کور نے بتایا کہ اب اسی گروپ نے دوبارہ الٹا انہی پر مقدمہ درج کرا دیا ہے ۔ منمیت نے مزید بتایا کہ وہ حاملہ تھیں اس کے باوجود انہیں ذہنی کرب سے گزرنا پڑا۔
اس سے پہلے معروف سکھ صحافی اور ان کے شوہر پر تشدد کا معاملہ عدالت بھی پہنچا ۔ پشاور کی مقامی عدالت نےمنمیت کے شوہر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر ایف آئی اے کو فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق ایویناش سنگھ ،وجے چوہان اور حنا کور نے مبینہ طور پر صحافی منمیت کور پر ہی جھوٹا مقدمہ درج کرا دیا ہے ۔
ایڈیشنل سیشن جج سید شوکت اللہ شاہ نے ایف آئی اے کو فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے ۔اس حوالے سے نیشنل پریس کلب کے عہدیداروں سے بھی بات کی گئی جن کا کہنا ہے کہ کے پی حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے ۔ پشاور کے صحافی فرنٹ لائن پر ہیں اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر ہمیشہ رپورٹنگ کرتے ہیں ایسے میں منمیت کور کو بلیک میلرز کے چنگل سے آزاد کروا کر ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ صحافی برادری عدم تحفظ کا شکار نہ ہو ۔

دوسری جانب لاہور کی صحافتی تنظیموں نے بھی منمیت کور پر جھوٹے مقدمے کی مذمت کی ہے ۔ الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکرٹری نے کہا کہ اگر خاتون صحافیوں کو ڈرایا دھمکایا گیا تو اعلیٰ سطح پر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔ خاتون صحافیوں کو دھمکیاں ناقابل قبول ہیں ۔ حکومت فوری نوٹس لے اور منمیت کور کو انصاف فراہم کرے ۔

Related Articles

Back to top button