سپر لیڈ نیوز، واشنگٹن ڈی سی ۔ غزہ میں بمباری کا دوسرا ہفتہ ، شہر کا انفراسٹرکچر مکمل تباہ ہو گیا۔ اسرائیل نے بمباری تیز کردی ۔ ہلاکتوں کی تعداد 200 سےزائد ہو گئی ۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق غزہ کے شہریوں پر اسرائیلی حملے دوسرے ہفتے میں داخل ہوگئے ہیں ۔ فی الحال اسرائیل کے رویے میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی ۔ اسرائیل نے غزہ پر بمباری تیز کر رکھی ہے ۔ گزشتہ رات میں 100 سے زائد فضائی حملے کئے گئے جس سے غزہ میں انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا ہے ۔
بجلی کی ٹرانسمیشن لائن تباہ ہونے سے غزہ اندھیرے میں ڈوب گیا ہے ۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت ہے ۔ امریکا نے تیسری بار سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی اپیل کا اعلامیہ رکوا دیا ہے ۔ جس سے معاملات مزید خراب ہو گئے ہیں ۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس 20مئی کو طلب کر لیا گیا ہے
عالمی رہنماؤں کے رابطے بے سود
غزہ پر بمباری رکوانے کےلئے عالمی رہنماؤں کے رابطے جاری ہیں لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکل رہا۔ قطر کے شیخ محمد بن عبدالرحمان نے امریکی وزیر خارجہ سے رابطہ کیا ہے ۔ انہوں نے اسرائیلی حملے رکوانے کے لئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اسی طرح سعودی وزیر خارجہ کا بھی امریکی وزیر خارجہ کو فون خبروں کی زینت بنا ۔ کیا پیش رفت ہوئی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی ۔ ترک صدر اردوان نے فلسطینیوں کا قتل عام رکوانے کے لیے پوپ فرانسس سے مدد مانگ لی ہے ۔ انہوں نے ٹیلی فونک رابطے میں تفصیلی گفتگو اور انہیں براہ راست کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔