ممنوعہ فنڈنگ کیس میں حکومت فرنٹ فٹ پر آگئی ، عمران خان نے بھی جوابی منصوبہ بندی تیار کرلی

وقت اشاعت :7 اگست2022

ندیم چشتی ، بیورو چیف دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد ۔ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں حکومت فرنٹ فٹ پر آگئی ، عمران خان نے بھی جوابی منصوبہ بندی تیار کرلی

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق حکمران اتحاد اور عمران خان نے سیاسی جنگ میں فتح کے لئے جارحانہ اقدامات کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ حکومت نے ایف آئی اے کو خصوصی ٹاسک سونپ دیئے ہیں جس میں سر فہرست  ممنوعہ فنڈنگ کیس کو ہنگامی بنیادوں پر منطقی انجام تک پہنچانا ہے ۔ اس ضمن  میں ایف آئی اے  نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے دوران  کراچی میں تحریک انصاف کے 4 بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا ہے ۔ کمرشل بینکنگ سرکل نے تحقیقات کا آغاز کردیا اوربینکوں سےپی ٹی آئی کے4 بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فوری طلب کرلی ہیں ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد ایف آئی اے نے دیگر شہروں میں بھی ٹیمیں تیار کر دی ہیں جو ممنوعہ فنڈنگ کیس سے جڑے اکاؤنٹس کی چھان بین کریں گی ۔ ادھر عمران خان نے بھی جوابی وار کی حکمت عملی تیار کر رکھی ہے ۔

عمران خان کی جانب سے ضمنی الیکشن میں تمام سیٹوں پر خود الیکشن لڑنے کا فیصلہ اسی سیاسی پالیسی کا حصہ ہے ۔ ذرائع کے مطابق عمران خان یقینی طور پر کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر عوامی مقبولیت کا کارڈ کھیلیں گے اور جلسے منعقد کر کے اسٹیبشلمنٹ کو پیغام دیں گے کہ عوام اب بھی ان کے ساتھ ہے ۔