دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، واشنگٹن ڈی سی ۔ کیا پاکستان اور امریکا میں برف پگھل رہی ہے ؟ شاہ محمود قریشی کی امریکی ہم منصب سے اہم ملاقات ، افغانستان کی صورتحال پر گفتگو ہوئی ۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق نیویارک میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ملاقات ہوئی ہے ۔ اس ملاقات کو سفارتی حلقے انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں ۔ بالخصوص پاکستانی سفارتکاری کے تناظر میں اس کی اہمیت زیادہ ہے ۔ ملاقات کے دوران شاہ محمودقریشی نے امریکی ہم منصب کو افغانستان کے حوالے سے پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں عالمی برادری کے تعمیری اورمثبت کردار کا خواہاں ہے۔پڑوسی ملک میں انسانی بحران نہیں چاہتے ۔ اسی لئے اس کوشش میں ہیں کہ طالبان کو سمجھا جائے اگر وہاں بحران پیدا ہوا تو خطے میں اثرات گہرے ہونگے ۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کےساتھ تجارتی تعلقات کا فروغ ضروری ہے ۔اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے امریکی انخلا میں تعاون کیا ہے جس پر شکر گزار ہیں ۔ افغانستان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ تعاون مستقبل میں جاری رہے گا۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے سفارتی حکام بھی موجود تھے ۔ اس ملاقات سے کوئی بڑے بریک تھرو کی امید تو نہیں لگائی جاسکتی کیونکہ ایسی ملاقاتیں رسمی کارروائیاں ہوتی ہیں مگر بعض تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ موجودہ حالات میں جب بائیڈن عمران خان سے رابطہ کرنے سے گریزاں ہیں تو ایسے میں یہ ملاقات دونوں ممالک میں تناؤ کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے ۔