بلال اللہ زہری ، دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، کوئٹہ ۔ پاکستان کی فراخدلی کا سرد مہری سے جواب، طالبان نے چمن پر تجارت روک دی ، بارڈر سیل کر دیا۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق طالبان حکومت نےا چانک چمن سپن بولدک سرحد سیل کر دی ہے ۔ طالبان نے سرحد پار سیمنٹ کے بلاک رکھ کر مرکزی شاہراہ بند کرتے ہوئے بارڈر کے دروازے بند کر دیئے جس سے ہر قسم کی آمدروفت بند ہو گئی ہے ۔ سینئر کسٹمز آفیسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کو بتایا کہ طالبان نے بغیر بتائے سرحد سیل کی ہے ۔ ان کی جانب سے یہ پیغام آیا ہے کہ پاکستان سے آنے والے کنٹینرز کے طریق کار پر اعتراض ہے ۔ اس لئے معاملہ حل ہونے تک آمدروفت بند رہے گی ۔ ان کے مطابق طالبان حکومت نے پیشگی اطلاع نہیں دی اگر یہ اطلاع پہلے ہی دے دی جاتی تو سرحد تک پہنچنے والے کنٹینر پہلے ہی روک دیئے جاتے تاکہ بدترین ٹریفک جام نہ ہوتی ۔
ذرائع کے مطابق چمن بارڈر پر ٹرکوں اور کنٹینرز کی لمبی لائنیں لگی ہیں ۔افغان طالبان انتظامیہ نے پیدل آمدورفت بھی بند کر رکھی ہے ۔ حکام کے مطابق باب دوستی سرحد صبح 8 سے شام 4 بجے تک معمول کے مطابق کھلی رہتی ہے تاہم گورنر قندھار کی جانب سے حکم نامے کی رو سے سرحد غیر معینہ مدت تک بند رہے گی ۔ دوسری جانب پاکستانی حکام نے سرحد بند کئے جانے پر اعلیٰ سطح کے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ واضح رہے کہ اسی علاقے میں پاکستان کی جانب سے دو ہفتے قبل بھیجے گئے امدادی سامان کے ٹرک پرلگا قومی پرچم بھی طالبان جنگجوؤں نے جلا دیا تھا۔