سپر لیڈ نیوز ،پشاور ۔معروف سکھ صحافی اور ان کے شوہر پر تشدد کا معاملہ عدالت جا پہنچا ۔ پشاور کی مقامی عدالت نےایف آئی اے کو فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق کچھ عرصہ قبل پشاور میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والی معروف خاتون صحافی منمیت کور اور ان کے شوہر پر تشدد کا معاملہ خبروں کی زینت بنا ۔ ایویناش سنگھ ،وجے چوہان اور حنا کور نے مبینہ طور پر صحافی منمیت کور کے شوہر کو حبس بے جا میں رکھا تشدد کیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ۔ اس دوران منمیت کور کو بھی دھمکیاں دی گئیں ۔ واضح رہے کہ منمیت کور کے شوہر کاروں کی خرید و فروخت کا کام کرتے ہیں ۔ اسی کاروباری ڈیل کی وجہ سے حناکور،ایویناش سنگھ اور وجے چوہان کے ساتھ جھگڑا ہوا جس پر ملزموں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور ایک دن یرغمال بنائے رکھا ۔
دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج سید شوکت اللہ شاہ نے ایف آئی اے کو فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے ۔ سپر لیڈ نیوز سے گفتگو میں منمیت کور نے کہا کہ ملزموں نے غیر انسانی حرکت کی پولیس نے معاملہ دبانے کی کوشش کی تاکہ اقلیتی برادری کے حوالے سے جگ ہنسائی نہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اقلیتی برادری کا تحفظ کرے اور ایسے جرائم پیشہ اور بلیک میلرز کے گرد گھیرا تنگ کرے ۔