پاکستان میں کورونا ویکسین کی دستیابی کی تازہ ترین صورتحال کیا ہے ؟ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نےکہا ہے کہ پاکستان اب تک کورونا کی تین کروڑ خوراکیں حاصل کرنے کے معاہدے کر چکا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز پریس بریفنگ میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اب تک انسداد کورونا ویکسین کی تین کروڑ خوراکیں حاصل کرنے کا معاہدہ کرچکاہے۔چین سے ویکسین کی مر حلہ وار ترسیل کا عمل جاری ہے ۔ چھ طیارے اب تک اسلام آباد آچکے ہیں جبکہ مزید کھیپ بھی لائی جارہی ہے ۔ جلد قومی ادارہ صحت ماہانہ تیس لاکھ ویکسین تیار کرنے کے قابل ہوجائےگا۔اس ویکسین کی تیاری کےلئے خام مال چین فراہم کرے گا۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے مزید کہا کہ 40 سے 49 سال کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن شروع ہو چکی ہے ۔ 50 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی واک ان ویکسی نیشن بھی جاری ہے ۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پمز ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر یاسر عرفات نے کہا کہ حکومت کورونا ویکسین کی خریداری کےلئے متحرک ہو گئی ہے ۔ چین سے کین سائنو کی خوراکیں بھی آئی ہیں ۔ ویکسی نیشن کا عمل موثر بنانا انتظامیہ کا کام ہے بعض جگہوں پر لمبی قطاروں اور بدنظمی کی اطلاعات ہیں مگر اس پر فوکس کرنے کے بجائے اہم سوال یہ ہے کہ ملک میں ویکسین کی کتنی بڑی کھیپ موجود ہے ؟ کیا یہ پاکستانیوں کے لئے کافی ہے ؟انہوں نے کہا کہ فی الحال ویکسین کا سٹاک حوصلہ افزا نہیں ہے اس کا زیادہ شور اس لئے نہیں مچا کیونکہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد اب بھی ویکسین لگوانے میں ہچکچاہٹ دکھا رہی ہے ۔